زارا نور عباس کا شمار پاکستان کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو اداکاری کے ساتھ ساتھ دیگر معاملات کو بڑی خوبصورتی سے نبھاتی ہیں۔
یہ ناصرف ایک شاندار اداکارہ ہیں بلکہ انسان بھی بہترین ہیں، اگر ہم یوں کہیں کہ زارا نور عباس کے خاندان میں ہی فنکاری کوٹ کوٹ کر بھری ہے تو بالکل غلط نہ ہو گا۔
ان کی خالہ معروف اداکارہ، سنگر اور بے شمار صلاحیتوں کی مالک ہیں جنہیں ہم بشریٰ انصاری کے نام سے جانتے ہیں جبکہ ان کی والدہ اور بشریٰ انصاری کی بہن اسماء عباس بھی کسی سے کم نہیں۔ اور پھر زارا کے شوہر اسد صدیقی بھی کئی ڈراموں میں اپنی منفرد اداکاری کا باعث کامیابی کا جھنڈا گاڑ چکے ہیں۔
مداح ہمیشہ اپنے پسندیدہ فنکاروں کے بارے میں وہ جانتے ہیں جو اداکار انہیں بتانا چاہیں، دور سے ہمیں ان کی رنگا رنگ زندگی دیکھ کر اندازہ بھی نہیں ہوتا کہ یہ لوگ اپنے اندر کیسی جنگ لڑ رہے ہیں۔
حال ہی میں زارا نور عباس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ اپنی زندگی کے مشکل ترین ایام کا تذکرہ کر رہی ہیں۔
اداکارہ زارا نور نے بتایا کہ ''میرے حالات اس وقت بہت خراب ہو چکے تھے، مجھے سمجھ نہیں آرہی تھی کہ میں اماں کا بھی خیال رکھ رہی تھی اور پھر مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ میں زندگی میں کہاں جاؤں گی؟''
زارا کا کہنا تھا کہ ''میں کبھی کسی دربار پر گئی، کبھی کسی کے پاس گئی، کسی نے مجھے کوئی کتاب بتائی تو وہ پڑھی لیکن مجھے کہیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ میرے سوالات کے جواب کون دے گا؟''
اداکارہ نے بتایا کہ ''مجھے اس قدر انزائٹی اور ڈپریشن تھا کہ جیسے ہی شام ہوتی تھی مجھے لگتا تھا میرا دِل پیٹ میں آگیا ہے اور اب سب کچھ ختم ہو جائے گا لیکن ایک دن کوئی میرے پاس آیا اور کہا کہ تم 3 دن کے لیے اپنے کمرے میں بند ہو جاؤ اور صرف اللہ سے تعلق رکھو پھر میں نے ویسا ہی کیا''۔
انہوں نے کہا کہ ''میں نے خود کو 3 دن تک کمرے میں بند رکھا اور میں کمرے میں اکیلے بیٹھے ہوئے صرف روتی رہتی تھی، اللہ سے باتیں کرتی تھی''۔
زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ ''میرے گھر والے شدید پریشانی کا شکار ہو گئے تھے، ابو دروازے بجاتے تھے کہ بس کردو لیکن میں نے کسی کی نہیں سنی۔ جب 3 دن بعد میں کمرے سے نکلی تو مجھے لگا جیسے سب کچھ ٹھیک ہو گیا ہے، اور سوالات کے جواب بھی ملنے والے ہیں''۔
زارا نے آخر میں کہا کہ '' ہمیں خود سے مخاطب ہونے کی ضرورت ہے، دنیا میں بہت چیزیں ہیں، بہت مسائل ہیں جو محض بات چیت سے حل ہو جاتے ہیں''۔
انہوں نے یہ پیغام بھی دیا کہ ''میں شاید ناکام ہوئی تھی لیکن کبھی ہار نہیں مانی''۔
ویڈیو ملاحظہ کیجیے:
٭ کیا کبھی آپ کے ساتھ اس قسم کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے؟ اگر ہاں تو ہمیں ضرور بتائیں، ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کمنٹ کریں۔