اسلامی نظریاتی کونسل نے ودہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی قرار دیدیا

ہماری ویب  |  Sep 24, 2025

اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے حالیہ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کرتے ہوئے ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دیا ہے۔

چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی کی زیر صدارت اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بینک سے رقم نکالنے پر حکومت کا عائد کردہ ودہولڈنگ ٹیکس زیادتی کے مترادف ہے اور یہ شریعت کے خلاف ہے۔

کونسل نے سپریم کورٹ کے 11 ستمبر کے اس فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا جس میں نکاح کے بعد رخصتی سے قبل طلاق کی صورت میں نان و نفقہ کی ادائیگی لازم قرار دی گئی تھی کونسل کے مطابق یہ فیصلہ قرآن و سنت کے منافی ہے۔

انسانی دودھ ذخیرہ کرنے کے اداروں کے قیام کے حوالے سے کونسل نے کہا کہ مخصوص شرائط کے تحت یہ ادارے قائم کیے جا سکتے ہیں تاہم اس سے قبل لازمی قانون سازی کی جائے اور اس عمل میں کونسل کو شامل کیا جائے۔

دیت کے قانون میں مجوزہ ترامیم کی مخالفت کرتے ہوئے کونسل نے کہا کہ بل میں چاندی کو حذف کرنے اور سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنانے کی تجویز درست نہیں۔ کونسل نے واضح کیا کہ دیت کی شرعی مقداریں یعنی سونا، چاندی اور اونٹ قانون کا حصہ رہنی چاہئیں۔

شوگر کے مریضوں کے لیے انسولین کے استعمال کے حوالے سے کونسل نے حلال اجزا سے تیار کردہ انسولین کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ خنزیر کے اجزا پر مشتمل انسولین سے پرہیز کیا جائے۔ اس سلسلے میں بھی مناسب قانون سازی ضروری قرار دی گئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More