اسلام آباد کی نجی لیبارٹری (چغتائی لیب) ایک بڑے اسکینڈل کی زد میں آگئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے کے مطابق لیبارٹری کے مختلف حصوں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کے مطابق ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران لیب کے اندر ڈینگی لاروا کی موجودگی کی تصدیق کی، جس کے بعد معاملے کو سنجیدہ نوعیت کا قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق لیبارٹری انتظامیہ نے کیس دبانے اور کارروائی سے بچنے کے لیے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کو مبینہ طور پر رشوت دینے کی کوشش کی اور اس مبینہ رشوت کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ عوامی صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب لیب انتظامیہ نے مؤقف دیا ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون کر رہی ہے اور حقیقت جلد سامنے آ جائے گی۔