جلالپور پیروالا کے قریب ایم فائیو موٹروے کا حصہ سیلاب میں بہہ گیا، ٹریفک کے لیے بند

ہماری ویب  |  Sep 15, 2025

جنوبی پنجاب میں شدید سیلابی صورتِ حال کے باعث جلالپور پیروالا کے قریب ملتان، سکھر ایم فائیو ایم فائیو موٹروے کا ایک حصہ بہہ گیا جس کے بعد موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

پولیس اور این ایچ اے حکام کے مطابق اوچ شریف روڈ پر شگاف کے باعث موٹروے کو شدید نقصان پہنچا۔ مرمتی کوششیں کی گئیں مگر تیز بہاؤ کے باعث کام روکنا پڑا۔ ترجمان موٹروے کے مطابق ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارنے کے لیے ڈائیورشنز لگا دی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹروے کو مزید بڑے کٹاؤ سے بچانے کے لیے سینڈ بیگ اور پتھر استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پانی میں کمی متوقع ہے جبکہ دریاؤں میں بہاؤ بھی تیزی سے کم ہو رہا ہے۔

سیلاب کے باعث شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کی درجنوں دیہات زیرِ آب آ گئے اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ لیاقت پور میں دریائے چناب کے اونچے درجے کے سیلاب نے منچن بند کو متاثر کیا جس سے 300 سے زائد گھر دریا برد ہوگئے جبکہ علی پور میں 14 موضع جات کے سیکڑوں دیہات بھی پانی میں ڈوب گئے۔

ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور انخلا کے آپریشنز جاری ہیں تاکہ شہریوں اور ان کے مال مویشی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More