خیبرپختونخوا میں 19 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

ہماری ویب  |  Sep 15, 2025

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا نے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی پر صوبے کے مختلف اضلاع میں 15 ستمبر سے 19 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشوں، آندھی اور گرج چمک کا امکان ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 16 سے 19 ستمبر کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک، شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 18 اور 19 ستمبر کے دوران بالائی اضلاع میں شدید بارشوں سے مقامی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی موجود ہیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب کے نظام کی صفائی، بروقت احتیاطی اقدامات اور مقامی آبادی، سیاحوں اور مسافروں کو پیشگی آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More