وزیراعظم عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے قطر روانہ

ہماری ویب  |  Sep 15, 2025

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحا روانہ ہو گئےجہاں وہ آج ہونے والے ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ اجلاس دوحا پر اسرائیلی فضائی حملوں، فلسطین میں کشیدگی اور فلسطینی عوام کو جبری بے گھر کرنے کے تناظر میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت اور اعلیٰ حکام کی بڑی تعداد میں شرکت کرے گی۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے۔

اجلاس میں فلسطینی عوام کے تحفظ، اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قطر کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اس سے قبل بھی 11 ستمبر کو قطر کا خصوصی دورہ کر چکے ہیں جہاں انہوں نے قطری قیادت سے ملاقات میں علاقائی اتحاد اور فلسطینی عوام کے حق میں پاکستان کے مضبوط مؤقف کا اعادہ کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More