حکومتِ پاکستان نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی سفارشات پر ٹک ٹاک کے لائیو اسٹریمنگ فیچر پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سائبر کرائم ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ نوجوان نسل ٹک ٹاک لائیو کے استعمال سے اخلاقی اور سماجی بگاڑ کا شکار ہو رہی ہے۔ اس فیچر کے ذریعے غیر اخلاقی مواد تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے معاشرتی اقدار اور خاندانی نظام پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ٹک ٹاک کا عام استعمال جاری رہے گا تاہم صارفین لائیو اسٹریمنگ نہیں کر سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم ایجنسی نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی غرض سے ڈیجیٹل لٹریسی اور تعلیمی ایپلیکیشنز پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ سوشل میڈیا کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔