پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

اردو نیوز  |  Sep 09, 2025

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق عثمان شنواری نے 2013 سے 2019 کے دوران پاکستان کی نمائندگی  کرتے ہوئے ایک ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 16 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔

عثمان نے دسمبر 2013 میں دبئی میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا جس میں انہوں نے صرف ایک اوور کروایا اور نو رنز دیے لیکن کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ 

انہوں نے چار ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے بعد اکتوبر 2017 میں شارجہ میں سری لنکا ہی کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا۔ ان کا واحد ٹیسٹ میچ دسمبر 2019 میں راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف تھا، جو ان کا پاکستان کے لیے آخری میچ بھی ثابت ہوا۔

ان کی انٹرنیشنل کرکٹ کا سفر کمر کی انجری کے باعث متاثر رہا جو بار بار شدت اختیار کرتی رہی۔

ون ڈے میں عثمان شنواری نے بہترین کارکردگی دکھائی اور دو بار پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اکتوبر 2017 کو شارجہ میں سری لنکا کے خلاف اپنے دوسرے ون ڈے میں انہوں نے 34 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیں۔ یہ پانچ وکٹیں انہوں نے صرف 21 گیندوں میں حاصل کیں۔ 

دوسری پانچ وکٹیں انہوں نے ستمبر 2019 میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف میچ میں حاصل کیں۔

شنواری نے پہلی بار 2013 میں 19 برس کی عمر میں سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی جب انہوں نے ڈپارٹمنٹل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں مصباح الحق کی سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے خلاف شاندار بولنگ کی۔

سوئنگ اور سیم کرتے ہوئے انہوں نے 3.1 اوورز میں صرف 9 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اسی کارکردگی پر انہیں فوری طور پر ٹی20 سکواڈ میں شامل کیا گیا، مگر وہ انٹرنیشنل سطح پر اپنی کارکردگی کو دہرا نہ سکے۔

ان کی آخری شرکت پاکستان کے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کوئٹہ ریجن کے لیے تھی، جہاں وہ چار میچوں میں ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More