ایشیا کپ 2025 ٹرافی کی رونمائی، پہلا میچ آج افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان

اردو نیوز  |  Sep 09, 2025

متحدہ عرب امارات میں آج سے شروع ہونے والے ٹی20 ایشیا کپ کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے۔

ٹرافی کی رونمائی منگل کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کی گئی جس میں تمام ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے۔

ایشیا کپ کی دفاعی چیمپئن ٹیم انڈیا کے کپتان سوریا کمار یادو کا کہنا تھا کہ ’ہم کافی عرصے بعد ٹی20 کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ہم چار ستمبر سے دبئی میں موجود ہیں اور پریکٹس کر رہے ہیں۔ ہم اس وقت ایشیا کی بہترین ٹیموں کے درمیان موجود ہیں جو اس مقابلے کو ایک بڑا چیلنج بناتا ہے‘۔

افغانستان کے کپتان راشد خان کا کہنا تھا ’ہم اس ٹورنامنٹ میں بھی چیزوں کو سادہ اور آسان رکھیں گے، گزشتہ چند آئی سی سی میچز سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہماری ٹیم بہت محنت سے یہاں تک پہنچی ہے۔ ہمارے لیے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی ایک بہت بڑا اعزاز تھا، ہم اس ٹورنامنٹ میں بھی محنت کریں گے اور دیکھیں گے کیا نتیجہ نکلتا ہے۔‘

پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ’ہم گزشتہ چند ماہ سے اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور چیزیں بہتر ہونا شروع ہو چکی ہیں، ہماری پوری ٹیم اس ٹورنامنٹ کے لیے پرجوش ہے‘۔

ہانگ کانگ کے کپتان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ’ہماری ٹیم پانچویں مرتبہ ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہے جو کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ ہماری ٹیم میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں اس لیے آج پھر ہم یہاں موجود ہیں۔‘

عمان کے کپتان کا کہنا تھا کہ ’ہم پہلی مرتبہ ایشیا کپ کھیل رہے ہیں جو کہ ایک تاریخی لمحہ ہے لیکن ہم ماضی میں تین ورلڈ کپس کھیل چکے ہیں اور ہم پرجوش ہیں۔‘

ایشیا کپ ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ آج افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا۔

پاکستان کا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف ہوگا اور14  ستمبر کو گرین شرٹس کا سامنا روایتی حریف انڈیا سے ہوگا۔

ایشیا کپ 2025 میں انڈین ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی جبکہ آٹھ ٹیمیں دو گروپ میں موجود ہیں۔

گروپ اے میں پاکستان، انڈیا، عمان، اور یو اے ای شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More