’لانا منع ہے‘، موتیے کے پھول پہن کر جانے پر انڈین اداکارہ کو آسٹریلیا میں جرمانہ

اردو نیوز  |  Sep 08, 2025

انڈین اداکارہ نیویا نائر کو بالوں میں موتیے کے پھولوں کا گجرا سجا کر میلبرن پہنچنے پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا میں عام طور پر خواتین بالوں میں موتیے کے پھول لگائے دیکھی جاتی ہیں تاہم دنیا میں کچھ ایسے ممالک بھی ہیں جہاں پھولوں کا استقبال نہیں کیا جاتا ہے جن میں سے ایک آسٹریلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جب اداکارہ میلبرن ایئرپورٹ پر اتریں تو ان کے پاس موتیے کے پھولوں کا گجرا موجود تھا جس کا کسٹم حکام نے نوٹس لیا اور ان پر ایک لاکھ 14 ہزار انڈین روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

کچھ روز پیشتر نیویا نائر اونر اونم کی تقریبات میں شرکت کے لیے میلبرن پہنچی تھیں جن کا اہتمام وکٹوریہ کی ملیالی ایسوسی ایشن نے کیا تھا، تاہم جب وہ ایئرپورٹ پر جہاز سے باہر آئیں تو ان کا گجرا فوراً ہی حکام کی نظر میں آ گیا جس پر ان کو روک لیا گیا اور پوچھ گچھ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے پاس 15 سینٹی میٹر لمبا گجرا موجود تھا۔

نیویا نائر نے بعدازاں تقریب میں بتایا کہ ’جب میں یہاں آئی تو اس وقت میرے پاس والد کی جانب سے دیے گئے موتیے کے پھول موجود تھے جو میں نے روانگی کے وقت بالوں میں لگائے جبکہ کچھ میرے ہینڈ بیگ میں تھے۔‘

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’میں نے کچھ قانون کے خلاف نہیں کیا بلکہ مجھ سے انجانے میں غلطی ہوئی تاہم لاعلمی کوئی جواز نہیں ہوتی، حکام نے بتایا کہ آسٹریلوی قوانین کے مطابق جرمانے کی رقم 28 روز میں جمع کرانا لازم ہے۔‘

اس واقعے نے نیویا نائر کے جذبے کو زیادہ متاثر نہیں کیا اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اونم کی تقریبات کی ریل شیئر کی جس میں وہ بہت خوش اور پرجوش دکھائی دے رہی ہیں۔

دو روز قبل میلبرن کے لیے روانگی سے قبل بھی اداکارہ نے جہاز کے اندر بنی ہوئی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے بالوں میں گجرا لگایا ہوا تھا۔

اداکارہ نے اپنے سفر کی تصویریں شیئر کیں جن میں انہوں نے بالوں میں موتیے کے پھول سجا رکھے تھے (فوٹو: انسٹاگرام، نیویا نائر)

انہوں نے اس کے ساتھ لکھا کہ ’ہیپی اونم، اگرچہ میں ناڈو کو مس کر رہی ہوں لیکن اونم کے لیے آنے کی اپنی ہی خوشی ہے۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ابھی سنگاپور ایئر لائنز پر سوار ہوئی ہیں اور میلبرن جا رہی ہیں۔

دو بار کیرالہ سٹیٹ فلم کا بیسٹ ایکٹریس ایوارڈ جیتنے والی نیویا نائر نے 2001 میں اشٹم سے فنی سفر کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد وہ نندانم، کونجی کونن، کلیانارامن سمیت دیگر کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں پودوں اور پھولوں کے حوالے سے سخت قوانین موجود ہیں، جن کے تحت بیج، پودے اور بعض پھول ’ڈونٹ برینگ‘ کیٹگری میں آتے ہیں اور کوئی ان کو لے جانا چاہتا ہے تو اس کے لیے پیشگی اجازت لینا پڑتی ہے۔

اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ چونکہ آسٹریلیا ایک منفرد ماحولیاتی نظام رکھتا ہے اس لیے خیال کیا جاتا ہے کہ پودے یا پھول لانے سے ان کے ساتھ کوئی بیماری، جراثیم یا کیڑے مکوڑے آ سکتے ہیں جو ملک میں موجود زرعی اجناس کے لیے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔

بیج بھی صرف وہی ملک میں لانے کی اجازت ہے جن کے ساتھ کوئی مٹی وغیرہ نہ لگی ہو اور وہ بالکل صاف ہوں۔

آسٹریلوی ایئرلائنز اپنے مسافروں کو ہدایات جاری کرتی ہیں کہ وہاں پودے، پھول اور جانوروں سے حاصل کی گئی کسی بھی قسم کی اشیا لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More