جنوبی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن:11 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک، پاک فوج کے دو جوان شہید
پاک فوج نے 24 جون کو جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اہم کارروائی کی، جس کا ہدف بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ "فتنہ الخوارج" کے خوارج کی موجودگی تھی۔
آئی ایس پی آر کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مذکورہ آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 11 بھارتی حمایت یافتہ خارجی ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوئے۔
تاہم اس شدید جھڑپ کے دوران میجر سید معیز عباس شاہ (عمر 37 سال، تعلق: ضلع چکوال) نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ وہ ایک نڈر افسر کے طور پر جانے جاتے تھے جنہوں نے متعدد کارروائیوں میں خوارج کے خلاف دلیرانہ کردار ادا کیا۔ ان کے ساتھ لانس نائیک جبران اللہ (عمر 27 سال، تعلق: ضلع بنوں) بھی شہید ہوئے، جنہوں نے دشمن کے سامنے اپنی جان کی قربانی دے کر وطن کی مٹی کا قرض ادا کیا۔
آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ کارروائیاں جاری ہیں تاکہ کوئی باقی بچ جانے والا بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد بھی گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق:
"پاکستانی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے ان بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔"