ٹرمپ ۔ فیلڈ مارشل ملاقات، پاک امریکا تعلقات میں مثبت پیشرفت ہے: بلاول بھٹو

سچ ٹی وی  |  Jun 18, 2025

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات پاک امریکا تعلقات میں ایک مثبت پیشرفت ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ظہرانے پر ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی یہ ملاقات جنگ بندی کی امریکی کوششوں کے تناظر میں پاک امریکا تعلقات میں ایک مثبت پیشرفت ہے۔

بلاول کا کہنا تھاکہ پانچ روزہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف فیصلہ کن کامیابی حاصل کی اور بھارت نے بدقسمتی سے امن کوششوں، امریکی سفارت کاری کومسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ تو تصادم چاہتا ہے اور نہ ہی بھارت سے مکالمے کیلئے بے چین ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ امن دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، ہمارے تنازعات کا کوئی عسکری حل نہیں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ بھارت کی آبی جارحیت، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر اور دہشتگردی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ایسے مؤقف ہیں جو زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکتے، پاکستان اور بھارت کے تنازع کا مستقبل انکار یا ہٹ دھرمی میں نہیں بلکہ سچ پر مبنی سفارتکاری ہے۔

خیال رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی کابینہ سے آج ملاقات ہوگی۔

ملاقات پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب ہوگی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More