پاکستان نے بھارتی فوج کے بزدلانہ حملے سے متعلق اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا

سچ ٹی وی  |  May 07, 2025

پاکستان نے بھارتی فوج کے بزدلانہ حملے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو آگاہ کر دیا۔ بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں دو مساجد شہید ہوئیں جبکہ ایک بچی سمیت 8 پاکستانی شہید اور 35 زخمی ہوئے۔

پاک فوج نے بھارتی بزدلانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کے 3 رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29 اور ایک ڈرون تباہ کر دیا جبکہ بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔

پاک فوج کے بھرپور اور تابڑ توڑ حملے کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کر لی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی بھارت کے بزدلانہ حملے کو شرمناک قرار دیا جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دونوں فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت کے 5 طیارے اور ایک ڈرون کو مار گرایا ہے، پاکستانی فوج نے دشمن کی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا، بھارت نے سفید جھنڈالہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔

عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ سفید جھنڈا لہرانا بھارتی میڈیا کی بھی شکست ہے، بھارت تحقیقات سے ہمیشہ بھاگتا رہا، آج بدلہ لینے آیا اور بھاگ گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حملے میں کتنا نقصان ہوا کچھ دیر میں تفصیلات سامنے آجائیں گی، ہم نے آج ملکی اور عالمی میڈیا کے ساتھ مریدکے اور بہاولپور جانا تھا، بزدل دشمن نے مساجد، خواتین اور بچوں کو نقصان پہنچایا۔

اب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی حملے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو آگاہ کر دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مستقل مندوب نے سلامتی کونسل کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا، پاکستان مناسب وقت اور مقام پربھارتی جارحیت کے جواب کا حق رکھتا ہے۔

 

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More