ماں باپ بھی انسان ہوتے ہیں، غلطی کردیتے ہیں۔۔ سونیا حسین نے بڑی بیٹی اور بہن ہونے کے ناطے کیا کچھ جھیلا؟

ہماری ویب  |  Apr 18, 2025

"میں نے بہت کچھ جھیلا لیکن معاف کرنا سیکھا، اور وہی میری زندگی کی اصل تبدیلی ہے"

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی باصلاحیت اور مضبوط اداکارہ سونیا حسین نے اپنی ذاتی زندگی کے زخموں، معافی کے سفر اور بڑے بہن بھائی ہونے کے دباؤ پر کھل کر بات کی۔ فوشیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سونیا نے اپنی زندگی کے وہ پہلو شیئر کیے جنہیں شاید ہی کبھی کسی نے اس انداز میں سنا ہو۔

سونیا حسین نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں بہت درد سہا، خاص طور پر اپنے والدین کی شادی شدہ زندگی میں پیدا ہونے والے مسائل نے انہیں نفسیاتی طور پر متاثر کیا۔ والد کی غیر موجودگی نے ان کی ذات پر گہرا اثر چھوڑا۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ سونیا نے اپنے دل کو معافی پر آمادہ کیا اور خود کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔

"جب آپ سمجھ جاتے ہیں کہ والدین بھی انسان ہوتے ہیں، غلطیاں کر سکتے ہیں، تو چیزیں آسان ہو جاتی ہیں۔ آخر میں یہی لوگ آپ کا اصل سہارا ہوتے ہیں، اسی لیے میں نے اپنے بہن بھائیوں اور والدین کو چُننا ضروری سمجھا، کیونکہ خاندان ہی سب کچھ ہے"

انہوں نے واضح کیا کہ سب سے بڑی اولاد ہونے کا بوجھ آسان نہیں ہوتا۔ ایک طرف آپ کو خاندان کے درمیان توازن برقرار رکھنا ہوتا ہے، تو دوسری طرف بہن بھائیوں کے لیے ماں باپ جیسا کردار بھی ادا کرنا پڑتا ہے۔

سونیا نے نہ صرف اپنے زخموں کو الفاظ دیے، بلکہ اپنے مداحوں کو ایک اہم سبق بھی سکھایا — زندگی میں سکون، معافی اور خاندان کو ترجیح دینا ہی اصل کامیابی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More