نیتا امبانی، ایک ایسا نام جو نہ صرف بزنس کی دنیا میں جگمگاتا ہے بلکہ فیشن کی دنیا میں بھی اپنی الگ پہچان رکھتا ہے۔ چاہے کوئی بڑی دعوت ہو یا معمول کی تقریب، ان کا ہر انداز دل موہ لینے والا ہوتا ہے۔ لیکن جو بات سب کی نگاہوں سے اوجھل رہتی ہے، وہ یہ ہے کہ ان کے ہر بے مثال لک کے پیچھے چھپی ہوتی ہے ایک ماہر شخصیت جن کا نام ہے مکی کانٹریکٹر۔
کون ہیں مکی؟!
مکی کانٹریکٹر نے 90 کی دہائی میں فلم بے خودی سے قدم رکھا، جہاں ان کا پہلا تجربہ اداکارہ کاجول کے ساتھ تھا۔ یہ ان کے لیے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، اور اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر کبھی نہیں دیکھا۔ ’ہم آپ کے ہیں کون‘ سے لے کر ’گڈ نیوز‘ تک، ہر بلاک بسٹر فلم کے پردے کے پیچھے مکی کا فن چھپا ہے۔
پڑھائی سائنس، لیکن دل میک اپ میں — جدوجہد سے شہرت تک کا سفر
دلچسپ بات یہ ہے کہ مکی نے کیریئر کا آغاز سائنس کے طالبعلم کے طور پر کیا تھا۔ اس وقت بیوٹی انڈسٹری کو ایک سنجیدہ پروفیشن نہیں سمجھا جاتا تھا، لیکن شوق نے انہیں ممبئی کے ’ٹوکیو بیوٹی پارلر‘ تک پہنچایا۔ وہیں ایک دن قسمت نے دروازہ کھٹکھٹایا، جب اداکارہ ہیلن آئیں اور مکی کو ان کے بال بنانے کا موقع ملا۔ باتوں ہی باتوں میں انہوں نے فلموں میں کام کی خواہش ظاہر کی، اور وہیں سے سفر شروع ہوا۔
نیتا، ایشا، شلوکا — امبانی خواتین کا بیوٹی راز
نیتا امبانی، ان کی بیٹی ایشا، اور بہو شلوکا — تینوں کے میک اپ میں جو نفاست اور چمک نظر آتی ہے، وہ مکی کی مہارت کا نتیجہ ہے۔ چاہے کسی شادی کی تقریب ہو یا انٹرنیشنل ایونٹ، ان کا ہر لک اتنا پرفیکٹ ہوتا ہے کہ نظر ہٹتی نہیں۔ مکی کی فنی چھاپ ہر تصویر میں محسوس ہوتی ہے۔
فلمی دنیا کے اے لسٹرز کے بھی چہیتے
صرف امبانی خاندان ہی نہیں، مکی نے انوشکا، دپیکا، پریانکا، ایشوریا، سونم، اور عالیہ جیسے اسٹارز کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔ ان کا برش جہاں لگے، وہ چہرہ کیمرے کی جان بن جائے۔
کتنے پیسے لیتے ہیں مکی؟ جان کر ہو جائیں گے حیران!
ایک طرف ان کا فن ہے، اور دوسری جانب ان کی فیس۔ رپورٹز کے مطابق، مکی کانٹریکٹر کی روزانہ کی فیس 25 ہزار روپے سے شروع ہوتی ہے۔ اگر آپ ممبئی میں ان کی خدمات چاہتے ہیں تو اس کی قیمت 75 ہزار سے لے کر ایک لاکھ بھارتی روپے یومیہ تک جا سکتی ہے۔
نیتا امبانی کی بےمثال خوبصورتی، جسے دیکھ کر ہر کوئی واہ کہہ اٹھتا ہے، درحقیقت مکی کانٹریکٹر کی برسوں کی مہارت، مشق، اور مشن کا نتیجہ ہے۔ وہ صرف میک اپ نہیں کرتے، وہ شخصیت کو نکھارتے ہیں — اور یہی چیز انہیں ایک سادہ آرٹسٹ سے لیجنڈ بناتی ہے۔