’انڈیا کے ڈیڑھ ارب لوگوں کو پاکستان اور بابر اعظم سے امیدیں‘

بی بی سی اردو  |  Dec 28, 2024

Getty Imagesبابر اعظم

عام طور پر ایسا دیکھا گیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا میچ کسی بھی ملک کی ٹیم کے ساتھ ہو زیادہ تر انڈین کرکٹ شائقین پاکستان کی مخالف ٹیم کی حمایت میں کھڑے نظر آتے ہیں۔ لیکن شاید پہلی بار ایسا دیکھا جا رہا ہے کہ انڈین کرکٹ فینز مجموعی طور پاکستان کی جیت کی دعائیں کر رہے ہیں۔

اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر مزیدار تبصرے نظر آ رہے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے مایہ ناز سابق کرکٹر اے بی ڈیولیئرز نے اپنے ایک پروگرام میں کہا کہ 26 دسمبر سے دو ٹیسٹ میچ شروع ہوئے اور دونوں ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

ایک میں پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ سنچورین پارک میں کھیل رہی ہے جبکہ دوسری جانب میلبورن میں انڈیا اور آسٹریلیا مدِمقابل ہیں۔

انڈیا کے لیے جتنی اپنی جیت اہمیت رکھتی ہے اتنی ہی پاکستان کی جیت بھی اہمیت کی حامل ہو گئی ہے۔

دراصل یہ دعائیں پاکستانی ٹیم سے محبت یا بہی خواہی کا نتیجہ نہیں ہیں بلکہ یہ انڈین ٹیم کو ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل تک پہنچانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم اگر پاکستان کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سے ایک بھی میچ جیت جاتی ہے تو فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گی جبکہ انڈین ٹیم کی امید معدوم ہو جائے گی۔

لیکن اگر پاکستانی ٹیم جیت جاتی ہے تو جنوبی افریقہ کا جشن مایوسی میں بدل جائے گا کیونکہ وہ ابھی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر ہے۔

Getty Imagesمیلبرن میں جاری میچ میں نئے کھلاڑی نتیش ریڈی نے سنچری بنا کر انڈیا کو فالو آن سے بچا لیا ہےموجودہ صورت حال کیا ہے؟

دراصل آئندہ سال انگلینڈ کے لارڈز میدان میں ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل کھیلا جانا ہے اور اس کے لیے جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، انڈیا اور سری لنکا کی چار ٹیمیں ابھی بھی مقابلے میں برقرار ہیں جبکہ بقیہ ٹیمیں اس دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔

اگرچہ جنوبی افریقہ نمبر ایک پر ہے اور دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا دو پر ہے لیکن انڈیا اور سری لنکا کے بھی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ہیں لیکن اس میں بہت سے اگر مگر شامل ہیں۔

آپ کو یاد ہوگا کہ سنہ 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران زمبابوے اور انڈیا سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو اگلے دور میں جانے کے لیے نہ صرف اپنے تمام میچز جیتنے بلکہ انڈیا کے زمبابوے کے خلاف جیتے کی اشد ضرورت تھی۔

اسی طرح انڈیا کو بھی آسٹریلیا کے خلاف اپنے دونوں بقیہ میچ جیتنے کی ضرورت ہے اور چونکہ ایسا ہوتا نظر نہیں آتا اس لیے اسے جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کے جیتنے کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔

Getty Imagesسنچورین میں بابر اعظم سے امیدیں

جہاں پاکستانی شائقین کو اپنے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کے فارم میں لوٹنے کا بے صبری کے ساتھ انتظار ہے وہیں سنچورین میں صورت حال یہ ہے کہ پاکستان کی دوسری اننگز میں تین وکٹیں گر چکی ہیں اور ابھی پہلی اننگز کا خسارہ بھی پورا نہیں ہوا ہے اور بابر اعظم کے ساتھ سعود شکیل کریز پر ہیں۔

بابر اعظم نے دو چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے ہیں جبکہ سعود شکیل نے آٹھ رنز بنائے ہیں اور انھوں نے بھی دو چوکے لگائے ہیں۔

بابر پہلی اننگز میں محض چار رنز پر آوٹ ہو گئے تھے لیکن وہ یہاں محتاط انداز میں بیٹنگ کر رہے ہیں اور ان پر نہ صرف پاکستان کی جیت کا دارومدار ہے بلکہ انڈین شائقین بھی ان سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔

اب وقت ہی بتائے گا کہ بابر یا کوئی دوسرا پاکستانی کھلاڑی ان امیدوں پر کتنا پورا اترتا ہے۔

یہ جوڑی جتنے زیادہ رنز بنائے گی انڈیا کی امید اتنی ہی بڑھتی جائے گی۔ دوسری جانب انڈین ٹیم نے اگرچہ خود کو فالو آن سے بچا لیا ہے تاہم پہلی اننگز میں وہ ابھی بھی پیچھے ہیں۔ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں اس نے 126 رنز بنائے ہیں اور وہ خسارے کو کم سے کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔

تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر اس نے آسٹریلیا کے 474 رنز کے جواب میں نئے کھلاڑی نیتیش کمار ریڈی کی سنچری کی بدولت نو وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنا لیے ہیں۔

ڈبلیو ٹی سی فائنل سے قبل ٹیموں کی پوزیشن

جنوبی افریقہ پہلے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا دوسرے، انڈیا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، سری لنکا پانچویں، انگلینڈ چھٹے، پاکستان ساتویں، بنگلہ دیش آٹھویں جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آخری پوزیشن پر ہے۔

نیوزی لینڈ سیریز سے قبل انڈیا کی پوزیشن مستحکم تھی لیکن نیوزی لینڈ نے اس صدی میں کرکٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ اس وقت کیا جب اس نے انڈیا کو تین ٹیسٹ میچوں میں شکست دے کر اسے وائٹ واش کا مزا چکھایا۔

اسی طرح جنوبی افریقہ کی ٹیم سال کی ابتدا میں آخری پوزیشن پر تھی لیکن اس نے مسلسل چار میچز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

12 سال سے اپنے ہوم گراؤنڈ پر ناقابلِ شکست انڈین ٹیم ’سپن‘ کھیلنا کیسے بھول گئی؟محمد آصف: وہ ’جادوگر‘ بولر جس کی انگلیوں نے عظیم ترین بلے باز نچا ڈالےروہت شرما اور ہاردک پانڈیا کی خراب فارم: کیا انڈیا آئی سی سی ٹورنامنٹ نہ جیتنے کی روایت توڑ سکتا ہے؟’اگر انڈیا کے خلاف پاکستان اپنے فینز کو اپ سیٹ کر پایا‘

اگر پاکستان ایک صفر سے سیریز جیت جاتا ہے تو انڈیا کے امکانات بڑھ جائیں گے اور دو صفر سے جیت جاتا ہے تو انڈیا کے امکانات مزید بڑھیں گے۔

اگر سیریز ایک ایک سے برابر ہو جاتی ہے تو پھر انڈیا کی آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی سیریز پر نظر ہوگی۔ اگر آسٹریلیا دو صفر سے سیریز جیت جاتی ہے تو انڈیا کی ٹیم باہر ہو گی اور جنوبی افریقہ کے ساتھ آسٹریلیا براہ راست فائنل میں ہو گی۔

اور اگر صورت حال جوں کی تو رہتی ہے اور سری لنکا آسٹریلیا سے دونوں میچز جیت جاتی ہے تو سری لنکا جنوبی افریقہ کے ساتھ فائنل میں ہو گی۔

Getty Imagesانڈیا پاکستان میں ٹاکرا چلتا رہتا ہےپاکستان کی جیت کی دعائیں

یوں تو انڈیا پاکستان کے کرکٹ مداحوں کے درمیان ٹاکرا چلتا رہتا ہے لیکن گاہے گاہے ایسا موقعہ بھی آ جاتا ہے جب ایک روایتی حریف اپنی مخالف ٹیم کی جیت کی دعائیں کرنے لگتے ہیں۔ ان دنوں ایسی ہی ایک صورت حال پیدا ہو گئی ہے جس میں انڈین شائقین پاکستانی ٹیم کی جیت کی تمنا کر رہے ہیں۔

اسی صورت حال کو بیان کرتے ہوئے احتشام ریاض نامی ایک صارف نے سوشل مڈیا پر ٹیموں کی پوزیشن کا جدول شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'ڈیڑھ ارب انڈینز جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی جیت کی دعائیں کر رہے ہیں تاکہ انڈیا ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے۔'

اکشے کمار نامی ایک صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’انڈین کرکٹ فینز پہلی بار پاکستان ٹیم کی حمایت کر رہے ہیں کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ جیت جائے۔‘

یوگیش نامی ایک صارف نے سابق کرکٹر اے بی ڈی ولیئرز کے ایک ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں جنوبی افریقہ کی شکست چاہتا ہوں لیکن پاکستان کی فتح نہیں چاہتا کیونکہ میں انڈین ہوں۔‘

امیر حمزہ آصف نامی ایک صارف نے بابر اعظم کی ایک تصویر کے ساتھ ٹویٹ کیا: 'بابر اعظم آج ایک بار پھر جنوبی افریقہ کے خلاف دفاعی مجموعہ دینے کے لیے بہتر پرفارم کریں گے۔ اور انڈین شائقین بھی جنوبی افریقہ کے خلاف دونوں گیمز جیتنے کے لیے پاکستان کا ساتھ دیں گے۔ اسی صورت میں انڈیا کو ڈبلیو ٹی سی فائنل کھیلنے کا موقع ملے گا۔'

بہر حال ابھی بہت سے اگر مگر برقرار ہیں لیکن کرکٹ تو ایسا ہی اور شاید یہی وجہ ہے کہ اس کھیل کے شائقین آخر تک امید کا دامن نہیں چھوڑتے۔

’اگر انڈیا کے خلاف پاکستان اپنے فینز کو اپ سیٹ کر پایا‘کروڑوں کا کمرشل ٹائم اور اربوں کی سرمایہ کاری: پاکستان اور انڈیا کا میچ براڈکاسٹرز کے لیے اتنا اہم کیوں ہے؟پاکستانی فینز کےعرفان پٹھان سے چُن چُن کر بدلے: ’پڑوسیوں جیت آتی جاتی رہتی ہے لیکن فائنل آپ کے بس کی بات نہیں‘ ’جیتا ہوا میچ کیسے ہارا جاتا ہے، یہ کوئی پاکستان سے سیکھے‘: انڈیا کے خلاف شکست پر پاکستانی شائقین ٹیم پر برہم12 سال سے اپنے ہوم گراؤنڈ پر ناقابلِ شکست انڈین ٹیم ’سپن‘ کھیلنا کیسے بھول گئی؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More