خیبر پختونخوا کے شہر صوابی کے پولیس اسٹیشن کے مال خانے میں رکھے بارود میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 17 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے سے اسٹیشن میں موجود بیرکس منہدم ہو گئے۔ تھانہ صوابی سٹی کے مال خانے میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صوابی پولیس اسٹیشن میں ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی پی او صوابی ہارون رشید نے بتایا کہ دھماکا مال خانے میں رکھے بارود میں ہوا جس کے نتیجے میں 17 اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد عمارت میں لگی آگ کو ریسکیو اہلکار بجھانے میں مصروف ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی وجہ سے بیرکس منہدم ہوگئیں اور ملبے تلے متعدد افراد دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
دھماکے کے بعد صوابی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔