12 ستمبر سے شروع ہونے والے چیمپیئنز ون ڈے کپ کے لیے فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں جاری پریکٹس سیشنز نے کرکٹ شائقین کو جوش و خروش سے بھر دیا ہے۔
پریکٹس سیشن کے دوران ایسا وقت بھی آیا جب ایک نوعمر مداح بے چین ہو کر گراؤنڈ میں دوڑتا ہوا داخل ہوگیا۔ سیکیورٹی اہلکار بچے کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بچے کو بچانے میں فوراً مداخلت کی۔ حارث رؤف نے بچے کو سیکیورٹی اہلکاروں سے بچا کر اسے واپس اسٹینڈز میں بھیج دیا، جس پر شائقین نے ‘حارث حارث’ کے نعرے لگا کر ان کی بہادری کو سراہا۔
سوشل میڈیا پر حارث رؤف کی پذیرائی
حارث رؤف کی جانب سے بچے کو بچانے کی ویڈیو جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے ان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ ایک صارف نے کہا، "جس طرح حارث رؤف نے بچے کو بچایا، اس نے ہماری نظروں میں ان کی عزت اور بڑھا دی ہے۔"
اس وقت اسٹیڈیم میں جاری جوش و خروش اور کرکٹ کے شائقین کی محبت نے چیمپیئنز ون ڈے کپ کی تیاریوں کو ایک دلچسپ رنگ دیا ہے۔