"پہلے ماں کہتی تھی جس گھر رخصت ہو کر جارہی ہو وہاں سے اب جنازہ ہی نکلے. اب ماں باپ نے طلاق کو خود ہی آسان راستہ بنا دیا ہے."
یہ کہنا ہے اداکارہ جگن کاظم کا جنھوں نے مسرت مصباح کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے طلاق کے بڑھتے رجحان پر بات کی. جگن کا کہنا تھا کہ آج کل والدین اپنے بچوں کو طلاق لینے کا مشورہ دیتے ہیں جب کہ شادی برقرار رکھنے کے لیے میاں بیوی کو ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے. جب ہر طرح کوشش کر لیں اور شادی نہ چلے تو اس کے بعد علیحدگی کا فیصلہ کریں.
ان کا کہنا تھا کہ طلاق کوئی اچھا فیصلہ نہیں ہے. اس سے انسان ٹوٹتا ضرور ہے. میں خود طلاق سے گزری ہوں اس لئے جانتی ہوں کہ اس کا کتنا گہرا اثر ہوتا ہے. طلاق ایسی چیز ہے جس سے پورے خاندان کو تکلیف سے گزرنا پڑتا ہے.
جگن نے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ دوسری شادی کا فیصلہ ان کے لیے بھی انتہائی مشکل تھا کیونکہ ان کا پہلے سے ایک بچہ تھا اس لئے وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کے بچے کا مستقبل خراب ہو۔
"مجھے دوسری شادی کرنے کا فیصلہ کرنے میں 6 مہینے لگے. شادی سے پہلے اپنے بیٹے کو ہونے والے شوہر سے ملوایا تاکہ بچوں کے درمیان معاملات ٹھیک رہیں۔ جگن کاظم کا بڑا بیٹا حمزہ پہلی شادی سے ہے جبکہ دوسری شادی سے بھی ان کے دو بچے ہیں.