کچھ لوگوں کو بادلوں میں، میز پر، دیوار، گاڑی کے فرنٹ یا کسی اور عام چیز میں، متعدد افراد کو اشیا میں چہرے دکھائی دیتے ہیں اور اکثر ایسا لگتا ہے کہ کوئی آپ کو گھور رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کیفیت کی وجہ کافی دلچسپ ہے اورنظروں کے اس دھوکے کو فیس پیریڈولیاکہا جاتا ہے، اس کا مطلب عام اشیا میں چہروں کو دیکھنا یا روشنی اور سائے میں کسی قسم کا ڈیزائن نظر آنا ہوتا ہے۔
یہ آج کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ برسوں سے انسانوں کے ساتھ ایسا ہورہا ہے اور ماضی میں اسے ذہنی مرض سمجھا جاتا تھا، اس کے پیچھے چھپی وجہ تو اب تک سائنسدان سمجھ نہیں سکے مگر تحقیق میں بہت دلچسپ وجوہات سامنے آئی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چہرے کے ساتھ ساتھ لوگ عمر، جذبات اور صنف کو بھی چیزوں میں دیکھتے ہیں، مردوں کے مقابلے میں خواتین کو چیزوں پر چہرے زیادہ نظر آتے ہیں اور حیرت کی بات یہ ہے کہ چیزوں پر نظر آنے والے زیادہ تر چہروں کو مردانہ چہرے تصور کیا جاتا ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ 34 فیصد افراد کو یہ چہرے خوش باش نظر آتے ہیں، 19 فیصد لوگوں کو یہ چہرے کسی الجھن کا شکار لگتے ہیں جبکہ 14 فیصد کو لگتا ہے کہ ان چہروں سے غصہ جھلک رہا ہے۔
تحقیق دانوں کے مطابق ہمارا دماغ مختلف اشیا پر نظر آنے والے چہروں کو دیکھ کر جذباتی طور پر ردعمل ظاہر کرتا ہے، بالکل اسی طرح جیسے وہ حقیقی انسانی چہروں پر ردعمل ظاہر کرتا ہے۔