اداکار آریز احمدکا کہنا ہے کہ دو دن کیلئے خواجہ سراء بنا تو ان کی زندگی کی اذیت کا احساس ہوا، شوٹنگ کے دوران محسوس کیا کہ لوگ مجھے ہیجڑے کے روپ میں دیکھ کر تذبذب کا شکار ہوگئے تھے۔
اداکار آریز احمد نے اپنے آنے والے ڈرامے کی جھلک انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں وہ ایک خواجہ سرا کے روپ میں نظر آئیں گے۔سوشل میڈیا پر آریز احمد کے اس کردار کی تصاویر خاصی وائرل ہورہی ہیں جو انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔
آریز نے تصاویر شیئر کرنے کے علاوہ کردار کو نبھانے کے دوران پیش آنیوالے مسائل سے متعلق بھی مداحوں کو آگاہ کیا، آریز احمد کا یہ ڈرامہ نجی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا جس کا ٹیزر اداکار نے شیئر کیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی خواجہ سراؤں کو ان کی زندگی میں درپیش مشکلات پر مبنی ہے۔
اداکار نے پوسٹ کے کیپشن میں بتایا کہ میں بطور اداکار صرف دو دن کے لیے ’ہیجڑا‘ بنا تو احساس ہوا کہ یہ افراد کن مشکلات سے گزرتے ہیں اور انہیں لوگ کیسے دیکھتے ہیں۔
اداکار آریز احمد نے پوسٹ میں لکھا کہ شوٹنگ کے دوران محسوس کیا کہ لوگ ’ہیجڑے‘ کے روپ میں دیکھ کر تذبذب کا شکار ہوگئے تھے، محض دو دن کی شوٹنگ نے مجھے اس بات کا احساس دلادیا کہ خواجہ سرا ساری زندگی کس طرح اذیت میں گزارتے ہیں۔
اس ڈرامے میں آریز احمد کے ہمراہ ٹرانس جینڈر کے روپ میں اداکار حماد فاروقی اور علی رضوی بھی دکھائی دیں گے۔