مریخ نظام شمسی میں سورج سے فاصلے کے لحاظ سے چوتھا اور عطارد کے بعد دوسرا سب سے چھوٹا سیارہ ہے، مریخ ایک زمین مماثل سیارہ ہے جو زمین کی نسبت ہلکا کرہ ہوائی رکھتا ہے، اس کی سطح پر زمین کے چاند کی طرح شہاب ثاقب یا کسی دوسرے سماوی جسم کے ٹکرانے سے بننے والے گڑھے موجود ہیں اور اس کی سطح پر زمین کی طرح وادیاں اور صحرا بھی موجود ہیں۔
مریخ کے دو چاند ہیں جنہیں فوبوس اور دیموس کہتے ہیں یہ چاند چھوٹے اور بے ترتیب شکل کے ہیں۔ ان کے بارے میں یہ بھی قیاس کیا جاتا ہے کہ یہ چھوٹے سیارچے ہو سکتے ہیں جنہیں مریخ کی کشش ثقل نے پکڑ لیا ہو جس کی وجہ سے یہ مریخ کے گرد گھوم رہے ہیں۔
مریخ پر سیاروی سکونت پذیریت پر تحقیقات ہو رہی ہیں جس میں ماضی میں مریخ پر زندگی کے آثار اور موجودہ دور میں مریخ پر حیات کے ممکنات پر تحقیقات شامل ہے۔
مریخ کے حوالے سے تحقیق سے متعلق خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے مریخ پر شارک کی پیراکی اور کیکڑے کے زنبور یعنی دو شاخہ پنجہ سے مشابہ چٹانوں کی تصاویر جاری کی ہیں۔18 اگست کو لی گئی یہ تصاویر پیریڈولیا مظہر کی ایک مثال ہے۔ ایکس کی ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ یہ دونوں چٹانیں ہوادار علاقے میں پائی گئی ہیں۔