آسمان میں ہونے والی کوئی بھی واضح حرکت انسان کو شروع سے ہی تجسس میں ڈالتی آئی ہے ،ان حرکات میں سے ایک حرکت ’’ستارے کا ٹوٹنا‘‘ ہے، تاروں کے ٹوٹنے کے حوالے سے کئی کہانیاں مشہور ہیں لیکن آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ 2روز قبل ترکیہ میں ایک ٹوٹا تارہ زمین پر آیا تو وہاں کیا مناظر دیکھنے میں آئے۔
یہ نظارہ دو روز قبل ترکیہ کے مشرقی شہر ارض روم اور صوبے گوموش خانہ میں کیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہورہی ہے۔ترکیہ کے آسمان پر شہاب ثاقب کا خوبصورت منظر دیکھا گیا جس سے آسمان ہری روشنی سے جگمگا اٹھا اور شہاب ثاقب نے آسمان پر سبز روشنی بکھیر دی۔
ناسا کا کہنا ہے کہ شہاب ثاقب خلا میں موجود پتھر ہے، جب یہ زمین کے ماحول میں تیزی سے داخل ہوتا ہے تو یہ جگمگا اٹھتا ہے اور اپنے پیچھے روشنی چھوڑتا ہوا آگے بڑھتا ہے۔ناسا کے مطابق یہ ایک انوکھا فلکیاتی نظام ہے اور عام زبان میں لوگ اسے ٹوٹتا ہوا ستارہ بھی کہتے ہیں۔
ٹوٹے ہوئے تارے کی حقیقت کچھ یوں ہے کہ یہ مریخ اور مشتری کے مداروں کے درمیان موجود سیاچوں میں سے ایک پتھر ہے جو کہ زمین کی کشش ثقل کی وجہ سے زمین کی فضا میں داخل ہوجاتا ہے پھر ہوا اور پتھر کی سطح کے درمیان رگڑ سے یہ گرم شعلے کی مانند نظر آتا ہے۔
ان شہابیوں میں بھی وہی مادّہ ہوتا ہے جو کہ ایک عام کوئلے میں ہوتا ہے اور اسی وجہ سے اس میں آگ بھڑک اٹھتی ہے۔ ان پتھروں کو ’’شہابیے‘‘(میٹی یور) کہتے ہیں۔ ان میں سے اکثر شہابیے کششِ ثقل کی وجہ سے زمین پر آگرتے ہیں۔