آج کے دور میں موبائل فون زندگی کی اہم ضرورت کے ساتھ ساتھ کئی لوگوں کیلئے نشے کی طرح بن چکا ہے جو ہر وقت فون سے چپکے رہتے ہیں لیکن ایسے لوگوں میں ماہرین نے ایک پراسرار بیماری کا انکشاف کیا ہے۔
موبائل فونز ہماری زندگی کا اہم حصہ بن چکے ہیں جن سے ہم کہیں بھی اپنا کام کر پاتے ہیں اور خاندان سے بھی جڑے رہتے ہیں۔
عالمی طبی تحقیقی جرنل بی ایم سی سائیکاٹری میں شائع ایک تحقیق کے مطابق فون کا بہت زیادہ استعمال کرنے والوں میں نو مو فوبیا کا مرض پایا گیا ہے۔
نو موبائل فون فوبیا (نو مو فوبیا) کی اصطلاح کا استعمال ایسی انزائٹی کے لیے کیا جاتا ہے جس کا سامنا کسی فرد کو اس وقت ہوتا ہے جب موبائل فون اس کی رسائی میں نہیں ہوتا۔
اس بیماری کا شکار ہونیوالوں میں انزائٹی، غصہ، پسینے کا اخراج، سانس لینے کے انداز میں تبدیلیاں، دل کی دھڑکن کی رفتار بڑھ جانا اور اردگرد کے ماحول کا احساس ختم ہو جانا عام علامات ہیں۔
موبائل فونز پر بہت زیادہ انحصار کرنے کی وجہ سے لوگوں کو اس عارضے کا سامنا ہوتا ہے۔نوجوانوں میں نو مو فوبیا زیادہ عام ہے مگر ہر عمر کے افراد کو اس کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مرض کا شکار ہونیوالے جب اچانک موبائل فونز سے محروم ہوتے ہیں تو ذہنی بے چینی کے شکار ہو جاتے ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ زندگی میں کچھ کم ہوگیا ہے۔
جب کوئی فرد موبائل فون پر بہت زیادہ انحصار کرنے لگتا ہے تو اس کی زندگی کے متعدد پہلوؤں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔خود اعتمادی کی کمی، جذباتی انتشار اور انزائٹی کے قریب پہنچ جانے والے افراد میں نو مو فوبیا سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔