کشمش ایک صحت بخش خشک میوہ ہے جسے صحتمند غذا میں آسانی سے شامل کیا جاسکتا ہے، کشمش کو انگور خشک کرکے تیار کیا جاتا ہے۔ اب اس میں کئی طبی فوائد سامنے آئے ہیں جو چھوٹی سی کشمش کو سپرفوڈ کے مزید قریب لے کر جاتے ہیں۔
مٹھی بھر کشمش توانائی میں کمی ہو تو فوری طور پر طاقت بڑھاتی ہے لیکن اب اس میں کئی اہم غذائیت بھرے اجزا بھی دریافت ہوئے ہیں۔ کشمش میں قدرتی مٹھاس کے علاوہ غذائی فائبر، وٹامن، معدنیات بھرپور مقدار میں پائی جاتی ہیں۔ کشمش کے ایک چوتھائی کپ میں 130 کیلوریز، ڈیڑھ گرام فائبر، پوٹاشیم، فولاد، وٹامن بی، فرکٹوز اور گلوکوز کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔
کِشمِش کھانے سے معدے اورآنتوں کی صحت بہتر رہتی ہے، قبض ختم ہوتی ہے۔ کشمش دل کے امراض میں فائدے کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر کو بھی معمول پر رکھتی ہے۔ کِشمِش میں موجود کیلشیم اور بورون کی وجہ سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اور گٹھیا یا جوڑوں کے درد کم ہوجاتا ہے۔
کشمش میں موجود فولاد انیمیا یا خون کی کمی کو دور کرتا ہے، چھوٹی سی کشمش میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس پوری جسمانی مشینری میں ٹوٹ پھوٹ کو روکتے ہیں اور کینسر کے حملے کو بھی ناکام بناتے ہیں۔