سستی سی سونف میں لاکھوں کے فائدے لیکن ۔۔ کیا آپ کو سونف کے یہ بہترین فوائد معلوم ہیں؟

ہماری ویب  |  Aug 16, 2023

سونف کا استعمال تقریباً ہر گھر میں ہوتا ہے، کھانوں میں استعمال ہونے کے علاوہ مختلف طبی مسائل سے بچنے کے لیے سونف کا استعمال صدیوں سے کیا جا رہا ہے، آج ہم آپ کو سونف کے وہ اہم فائدے بتانے جارہے ہیں جن سے پہلے آپ شائد واقف نہیں ہونگے۔

1۔ غذائی اجزاء

سونف میں وٹامن سی، کیلشیم، آئرن، میگنیشیم، پوٹاشیم، غذائی ریشہ اور مینگنیز جیسے اجزا ہوتے ہیں جبکہ کیلوریز کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔مینگنیج ایک اہم غذائیت ہے جو میٹابولزم، خلیات کی حفاظت، ہڈیوں کی صحت، خون میں شوگر کو کنٹرول کرنے اور زخموں کو ٹھیک کرنے جیسے افعال کی حمایت کرتا ہے۔اسی طرح پوٹاشیم، میگنیشیم اور کیلشیم بھی صحت کے لیے اہم ہیں۔

2۔نباتاتی مرکبات کا اخراج

سونف میں متعدد اینٹی آکسیڈنٹ نباتاتی مرکبات ہوتے ہیں۔تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور غذائیں کھانے سے ذیابیطس ٹائپ ٹو اور دل کی بیماری جیسی دائمی بیماریوں کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔سونف میں 28 سے زائد مرکبات ہوتے ہیں جن میں جراثیم کش اور سوزش کی خصوصیات ہوتی ہیں۔

3۔ سانس کی بدبو

سونف سانس کو تروتازہ کرنے کے لیے بھی بہت اچھی ہے، کھانے کے بعد سونف کی کچھ مقدار کھانے سے سانس میں بدبو نہیں آتی بلکہ سانس خوشبودار ہوجاتی ہے۔

4۔ کھانے کی خواہش کنٹرول

سونف کھانے کی خواہش کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد کرتی ہے۔ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کھانے سے پہلے سونف کی چائے پینے سے لوگوں کو بھوک کم لگتی ہے اور کھانا کم کھاتے ہیں۔بھوک پر قابو پانے سے بہت زیادہ کھانے کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے، جس سے جسمانی وزن کو برقرار رکھنا یا کم کرنا آسان ہوتا ہے۔

5۔ دل کی صحت

سونف کھانے سے دل کی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔اس میں موجود فائبر ہائی کولیسٹرول جیسے امراض قلب کے خطرے کے عوامل کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔تحقیقی رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ فائبر سے بھرپور غذائیں کھانے سے دل کی بیماری کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔فائبر کے علاوہ سونف میں میگنیشیم، پوٹاشیم اور کیلشیم جیسے اجزا بھی پائے جاتے ہیں جو دل کو صحت مند رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔مثال کے طور پر، پوٹاشیم ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے، جو دل کی بیماری کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔

6۔ کینسر کے خلاف ممکنہ تحفظ

سونف میں موجود طاقتور مرکبات کینسر سمیت دائمی بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔سونف میں موجود انتھول میں کینسر سے لڑنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ایک تحقیق میں پتا چلا ہے کہ انتھول چھاتی کے کینسر کے خلیوں کی نشوونما کو کم کرتا ہے۔جانوروں پر کی گئی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ سونف چھاتی اور جگر کے کینسر سے بچا سکتی ہے۔ اگرچہ تحقیق کے نتائج حوصلہ افزا ہیں لیکن ابھی تک انسانوں پر زیادہ تحقیق نہیں ہو سکی ہے۔

7۔ سوجن میں کمی

سونف میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں سوزش کو کم کرتے ہیں۔

8۔ دماغی صحت کے لیے مفید

جانوروں پر کی گئی تحقیق کی رپورٹس میں دریافت کیا گیا ہے کہ سونف کا عرق عمر کے ساتھ یادداشت میں کمی کی شرح کو کم کر سکتا ہے۔

9۔گیس

سونف کا استعمال اپھارہ اور اضافی گیس کو دور کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ سونف میں فائبر موجود ہوتا ہے جبکہ یہ جراثیم کش اور سوزش کو دور کرنے والی بھی ہے جس سے نظام انہضام کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔سونف کی چائے اس مقصد کے لیے زیادہ مفید ہے۔

10۔ قبض

سونف کی چائے پینے سے قبض کو دور کیا جا سکتا ہے کیونکہ یہ معدے کے پٹھوں کو پرسکون کرتی ہے۔اس چائے کو پینے سے پیٹ صاف ہوجاتا ہے اور قبض کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More