آسمان پر ٹمٹماتے ستارے تو سب نے دیکھے ہونگے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ ستارے آواز بھی پیدا کرتے ہیں اگر نہیں تو ہم آپ کو بتائینگے کہ یہ کیسے آواز نکالتے ہیں۔
امریکا کی ساؤتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ماہرین نے ستاروں کی گہرائی سے گیس نکلنے کے عمل کو جاننے کے لیے ایک 3 ڈی ماڈل تیار کیا جس کے لیے زمین کی سطح کے تجربے کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
سائنسدانوں کے تجربے سے پتا چلا کہ توانائی کی حرکت اور گیس بننے سے پیدا ہونے والی لہریں ستارے کی سطح پر پہنچنے سے ٹمٹمانے جیسا تاثر پیدا ہوتاہے۔
امریکی سائنسدانوں نے توانائی بنانے والی لہروں کو آواز کی لہروں میں تبدیل کیا جس سے یہ معلوم ہوا کہ ستاروں کے ٹمٹمانے سے انتہائی خوفناک اور رونگٹے کھڑے کرنے والی آواز نکلتی ہے۔
سائنسدانوں نے آواز کا ایک نمونہ بھی جاری کیا ، اس حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ ستارہ جتنا بڑا ہوگا، اس کی آواز کی گونج اتنی زیادہ ہوگی جبکہ اس کے پس منظر کے شور کو سننا زیادہ آسان ہوگا۔
نیچر آسٹرونومی میں شائع ہونیوالے تحقیقی جرنل میں ماہرین نے بتایا کہ جیسے موسیقی کے ساز مختلف آوازیں اور لہریں خارج کرتے ہیں، اسی طرح ستاروں سے بھی آواز نکلتی ہے۔