ہاٹ کراس بنز: گڈ فرائیڈے پر مسکیٹا بیکری کی خاص سوغات

بی بی سی اردو  |  Apr 06, 2023

پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے صدر میں واقع کئی دہائیوں پرانی مسکیٹا بیکری پر معمول سے زیادہ ہی رش ہے۔ دیکھنے میں تو یہ ایک عام سی بیکری ہے جس میں تمام سال کیک، بسکٹس اور بیکری سے متعلق دیگر اشیا فروخت کی جاتی ہیں۔

BBC

لیکن مسیحی تہوار گُڈ فرائیڈے پر اس بیکری میں تیار کی گئی اس تہوار کی خاص سوغات ہاٹ کراس بنز اپنے منفرد ذائقے کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔

BBC

کاونٹر کے پیچھے خریداروں کو بنز حاصل کرنے کے لیے مخصوص ٹوکن دیتے سید حیدر عباس زیدی اس بیکری کا انتظام چلانے والے خاندان کی تیسری نسل سے ہیں۔

ان کا دعوٰی ہے کہ مسکیٹا بیکری کے ہاٹ کراس بنز کی مقبولیت کا راز ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے مصالحوں کا وہ خاص فارمولا ہے جو کئی دہائیوں سے ان کے خاندان کے پاس محفوظ ہے۔

BBC

حیدر عباس زیدی کے مطابق بنز کی تیاری کے لیے درکار اجزا کی خریداری ایک ماہ پہلے شروع کی جاتی ہے جبکہ تندور میں بنز تیار کرنے کا مرحلہ گُڈ فرائیڈے سے ایک دن پہلے شروع ہوتا ہے۔

BBC

دن گزرنے کے ساتھ ساتھ مسکیٹا بیکری کے سامنے خریداروں کا رش بڑھتا جا رہا ہے۔ سینکڑوں لوگ قطار میں لگے ٹوکن ہاتھ میں لیے اپنی باری کا انتطار کر رہے ہیں جبکہ بیکری کا عملہ کمال پھرتی سے مطلوبہ تعداد میں بنز لفافوں میں ڈال کر خریداروں کے حوالے کر رہا ہے۔

BBC

انھی خریداروں میں شامل پادری انیل شاہانی گزشتہ تیس سال سے یہاں کے ہاٹ کراس بنز استعمال کر رہے ہیں اور ان کی اعلیٰ کوالٹی کے معترف ہیں۔

چند قدم دور کھڑے فرانسس الفانسو ان بنز کو مذہب سے زیادہ روایت سے جوڑتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ پچاس سال سے ہر گُڈ فرایئڈے پر مسکیٹا بیکری سے یہ بنز خرید کر اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے ساتھ شیئر کرنا ان کے خاندان کی پرانی ریت ہے۔

BBC

ہاٹ کراس بنز مسیحی برادری کے تہوار گڈ فرائیڈے سے منسلک تو ہیں ہی لیکن مسکیٹا بیکری کے باہر کھڑے خریداروں میں اکثریت دیگر مذاہب سے تعلق رکھتی ہے۔

حیدر عباس زیدی کہتے ہیں کہ 'مسیحی افراد کے علاوہ مسلمان، پارسی اور ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ہماری بیکری میں تیار کیے گئےبنز خریدتے ہیں۔'

BBC

اپنے لذیذ ہاٹ کراس بنز کی بدولت مسکیٹا بیکری کراچی کے ثقافتی ورثے کا اہم حصہ بن چکی ہے۔ حیدر عباس زیدی کے مطابق ان کی بیکری کے بنز نا صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی مقبول ہیں۔

BBC

'سمندر پار پاکستانی جب امریکا، کینیڈا اور آسڑیلیا جاتے ہیں تو بڑی تعداد میں یہ بنز اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔ اکثر تو ان کو فریز کر کے کئی کئی مہینے استعمال کرتے ہیں۔'

BBC

ادھر گرماگرم ہاٹ کراس بنز سے بھرے تھیلے اٹھائے بیکری سے نکلتے صدر کے پرانے رہائشی سید جعفری کے چہرے کی مسکراہٹ بتا رہی ہے کہ ان کی محنت وصول ہوئی۔

وہ کہتے ہیں کہ وہ کیا ان کا پورا گھرانہ مسکیٹا بیکری کے بنز کا گرویدہ ہے اور گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کا تہوار اپنے مسیحی دوستوں کے ساتھ مل کر مناتا ہے۔ وہ جاتے جاتے رکتے ہیں اور کہتے ہیں 'خوشیاں تو سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔'

نوٹ: یہ تحریر 21 اپريل 2019 کو شائع کی گئی تھی جسے دوبارہ شیئر کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More