کراچی:سیلاب میں ڈوبے سندھ کے سرکاری اسکولوں میں بچے موسیقی سیکھیں گے،محکمہ تعلیم نے میوزک اور آرٹ ٹیچرز بھرتی کرنے کی تیاری کرلی۔
سندھ کے وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ ہائی اسکولز میں میوزک اور آرٹ ٹیچرز لارہے ہیں، ساڑھے 7سو میوزک اور اتنے ہی آرٹ ٹیچرز بھرتی کرنے کیلئے اشتہار دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسیقی کی تعلیم سے بچوں میں گانے کا ٹیلنٹ سامنے آسکے گا۔ رواں سال اساتذہ کی تعیناتیوں کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے سندھ میں بھی بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے اور کئی اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں بسنے والے بیشتر افراد کو اپنے گھروں سے نکل مکانی کرنا پڑی ہے۔ مال، مویشی کے ساتھ ساتھ تیار فصلیں بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔
سندھ حکومت نے صوبے کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے درجنوں اضلاع کو آفت زدہ قرار دیدیا ہے اور سندھ کے مختلف اضلاع میں امداد نہ پہنچنے پر احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں جہاں ہزاروں گھر اور اسکول تباہ ہوچکے ہیں سندھ حکومت کو بچوں کو موسیقی کی تعلیم دینے کی فکر ستائے جارہی ہے جبکہ اس وقت اسکولوں کی بحالی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔