کراچی میں نجی ہیلتھ سروسز کے 2 افراد کا لوگوں کو گھر گھر جا کر من پسند ویکسین لگانے کا انکشاف ہوا ہے پولیس نے ان دونوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور ساؤتھ زون پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں چھاپہ مار کر ایک نجی ہیلتھ سروسز کے افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ان افراد میں کمپنی کا مالک اور انکا ملازم شامل ہے۔
اس واقعہ پر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان لوگوں سے انکے گھر جا کر من پسند ویکسن لگانے کی خاطر خواہ رقم بھی وصول کرتے تھے جیساکہ فائزر ویکسین لگانے کے 15 ہزار روپے، سائنو فارم ویکسین لگانے کے 7 ہزار 660روپے اور کین سائنو ویکسین لگانے کے 4 ہزار 500 فی ڈوز طلب کرتے تھے اور اب تک یہ ملزمان 60 افراد کو ویکسین لگا بھی چکے ہیں ۔ان ملزمان کیخلاف پریڈی تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں چوری، دھوکہ دہی، عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچانا اور ڈرگ ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔
دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہیں یہ ڈوز سرکاری کوٹے میں سے سرکاری افسران ہی دیتے تھے اور یہ افسران کراچی ضلع شرقی کے محکمہ صحت میں تعینات ہیں ۔ اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور اب اس واقعہ میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل کراچی میں ہی ایکسپو سینٹر میں قائم ویکسینیشن سینٹر میں 2000 روپے کے عوض جعلی سر ٹیفیکیٹ جاری کرنے کا معامل سامنے آیا تھا اور اس واقعہ میں آئی ٹی ڈیپا رٹمنٹ کا ایک اہلکا ر ملوث تھا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا تھا اور شبہ ظاہر کیا گیا تھا اس عمل میں ایکسپو سینٹر کے مزید اہلکار بھی شامل ہو سکتے ہیں۔