نیرج چوپڑا کی ارشد ندیم کو انڈیا آنے کی دعوت، چیمپئن نے کیا جواب دیا؟

اردو نیوز  |  Apr 22, 2025

این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا کے اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑا مئی 2025 میں ایک روزہ جیولین ایونٹ میں شریک ہونے جا رہے ہیں۔

یہ جیولین ایونٹ جے ایس ڈبلیو سپورٹس ک زیر انتظام بینگلوروُ میں منعقد ہوگا جسے نیرج کے نام سے ہی منسوب کیا گیا ہے اور اس میں دنیا بھر کے بہترین جیولین تھرورز کو مدعو کیا گیا ہے۔ 

پیر کے روز نیرج چوپڑا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پاکستان کے ارشد ندیم سمیت دنیا کے کچھ بہترین جیولن تھرورز کو دعوت نامہ بھیجا ہے۔

نیرج اور ارشد روایتی حریف ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے دوست بھی ہیں جو کئی سالوں سے مختلف عالمی مقابلوں میں آمنے سامنے آ چکے ہیں۔ تاہم انڈیا میں ایک بین الاقوامی ایونٹ کے لیے ارشد ندیم  کی شرکت قدرے پیچیدہ ہو سکتی ہے۔

نیرج نے صحافیوں کو تصدیق کرتے ہوئے کہا ’ہاں، میں نے ارشد ندیم سے بات کی ہے، ارشد نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آیا وہ شرکت کر سکیں گے یا نہیں۔ ارشد نے کہا کہ وہ اپنے کوچ سے اس پر بات کریں گے اور پھر بتائیں گے، لیکن ابھی تک انہوں نے انڈیا آنے کی تصدیق نہیں کی ہے۔‘

نیرج نے مزید کہا کہ ’ایک بار جب کھلاڑیوں کی تصدیق ہو جائے گی، میں حتمی فہرست شیئر کر سکوں گا۔ ہر ٹاپ ایتھلیٹ کو مدعو کیا گیا ہے جن میں ارشد ندیم بھی شامل ہے۔ اگر وہ مقابلے میں شریک ہوتے ہیں تو اس میں حکومت بھی شامل ہو گی، اس لیے ایک بار جب تصدیق ہو جائے گی ہمیں حتمی فہرست کا پتہ چل جائے گا۔‘

انڈیا کے روہت یادیو بھی ان تین سے چار انڈین ایتھلیٹس میں شامل ہیں جو اس ایونٹ میں حصہ لیں گے۔

سرفہرست ایتھلیٹس جنہوں نے نیرج کو پہلے ہی رضامندی کا اظہار کیا ہے ان میں دو مرتبہ کے عالمی چیمپئن اور اولمپک میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے اینڈرسن پیٹرز، سابق اولمپک چیمپئن تھامس روہلر، ایک اولمپک تمغہ جیتنے والے اور سابق عالمی چیمپئن یولیس یگو، کرٹس تھامسن اور یوروپ کے دیگر ٹاپ پرفارمرز بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے نیرج چوپڑا اور کرناٹک کے وزیراعلٰی سدارامیا کے درمیان اس موضوع پر بات چیت ہو چکی ہے اور نیرج نے وزیراعلٰی سے مثبت اشارہ ملنے کے بعد ہی میڈیا سے بات کی۔

نیرج چوپڑا نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ یہ تقریب اصل میں ان کی آبائی ریاست ہریانہ میں پنچکولا کے تاؤ دیوی لال سٹیڈیم میں منعقد کی جانی تھی لیکن اب یہ بنگلورو کے سری کانتیراوا سٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔

مقام کی تبدیلی کی وجہ بتاتے ہوئے جیولن سٹار نے کہا کہ ’ہریانہ کے سٹیڈیم میں نشریات کے لیے ضروری روشنی نہیں ہے اس لیے مقام تبدیل کیا گیا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More