’غلط فہمی ہوئی‘، میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے پاکستان کرکٹ ٹیم سے معذرت کر لی

اردو نیوز  |  Sep 17, 2025

ایشیا کپ میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے آپس میں مصافحہ نہ کرنے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بننے والے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے پاکستانی ٹیم سے معافی مانگ لی ہے۔

دبئی میں جاری ایشیا کپ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا میچ ریفری کے تنازعے کی وجہ سے ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد شروع ہوا۔

بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ سے قبل جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ’آئی سی سی کے متنازع میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینیجر اور ٹیم کے کپتان سے معذرت کر لی ہے۔‘

’اینڈی پائیکرافٹ نے انڈیا اور پاکستان کے میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینڈی پائیکرافٹ کے اس عمل پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا تھا۔‘

’اینڈی پائیکرافٹ نے 14 ستمبر کے واقعے کو مس کمیونیکیشن (غلط فہمی) کا نتیجہ قرار دے کر معذرت کی، آئی سی سی نے 14 ستمبر کو میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔‘

ائی سی سی کے متنازعہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینجر اور ٹیم کے کپتان سے معذرت کر لی۔

اینڈی پائی کرافٹ نے انڈیا پاکستان کے میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینڈی پائی کرافٹ کے اس عمل پر سخت رد عمل کا…

— PCB Media (@TheRealPCBMedia) September 17, 2025

آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تحقیقات کرائے گی: محسن نقوی

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے تصدیق کی ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کے پاس جا کر معذرت کرلی ہے۔

بدھ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں سابق چیئرمین رمیز راجا اور نجم سیٹھی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تحقیقات کرائے گی۔‘

میچ ریفری کے ساتھ تنازع طے ہونے کے بعد پاکستان اور امارات کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے شروع ہو گا اور اینڈی پائیکرافٹ ہی میچ ریفری ہوں گے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More