ماں اور اولاد کا رشتہ انتہائی اہمیت کا حامل اور محبت سے بھرپور ہوتا ہے۔ نادیہ جمیل ایک اچھی اداکارہ ہونے کے ساتھ ایک اچھی والدہ بھی ہیں۔ انہوں نے کئی مہینوں تک کینسر جیسے خطرناک مرض کا مقابلہ کیا اس دوران وہ اپنے بچوں سے دور تھیں اور بچے بھی انہیں بہت یاد کرتے تھے۔
وہیں اداکارہ نادیہ جمیل کے بڑے بیٹے راکع جو ان کے سب سے زیادہ قریب ہیں انہوں نے اپنی والدہ کے لیے چند خوبصورت باتیں کہیں جس کو اداکارہ نادیہ جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شئیر کی۔
پوسٹ میں نادیہ جمیل کے بیٹے راکع نے لکھا کہ میری زندگی کی محبت ، میں جانتا ہوں کہ آپ سب سے مضبوط خاتون ہیں۔ ایک سال ہو گیا ہے جب میں نے آپ کو آخری بار دیکھا اور میں آپ کو بتا نہیں سکتا کہ میں آپ کو کتنا یاد کرتا ہوں۔
بیٹے کی جانب سے مزید کہا گیا کہ جب میں غلط ہوتا تو آپ ہمیشہ میری غلطی کی اصلاح کرواتیں، اس چیز کے لیے میں آپ کا بہت شکر گزار ہوں۔
اداکارہ کے بڑے بیٹے نے لکھا کہ آپ نے کبھی مجھ سے منہ نہیں موڑا۔ میں آپ جیسی ماں ، اور ایک ایسی استاد کا شکر گزار کرتا ہوں کہ جس نے مجھے بہت کچھ سکھایا اور مجھے یہ سمجھنے میں میری مدد کی کہ میری زندگی میں میرے لئے کون صحیح ہیں۔ آپ میری سب سے اچھی دوست ہیں اور میں آپ سے کسی بھی چیز سے متعلق گفتگو کرسکتا ہوں۔
پوسٹ کے آخر میں نادیہ جمیل نے اپنے بیٹے کے محبت بھرے پیغام کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ میں بہت خوش نصیب ہوں کہ مجھے ایسی اولاد ملی۔ اداکارہ نادیہ نے لکھا کہ ہر منٹ گن رہی ہوں کہ میری تم سے ملاقات ہو تا کہ میں تمہیں گلے لگا سکوں۔