فیشن انڈسٹری ہو یا ڈرامہ انڈسٹری، نئے چہرے آئے دن ناظرین کا دل جیتنے آتے رہتے ہیں۔ اِسی طرح کچھ سال قبل 2015 میں ماڈلنگ کی دنیا میں ایک ایسا نام سامنے آیا جس نے کئی لوگوں کی توجہ اپنی جانب سمیٹی۔ ہم بات کر رہے ہیں نامور ماڈل اور اداکارہ صحیفہ جبار خٹک کی۔
سال 2017 میں صحیفہ، خواجہ خضر حسین سے رزشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں تاہم ان کا لب و لہجہ اور بولنے کا میٹھا انداز ہمیشہ ہی مداحوں کے دِل موہنے میں مددگار رہا ہے۔
اداکاری کی بات کی جائے تو انہوں نے ڈرامہ تیری میری کہانی سے ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا، اس ڈرامہ میں صحیفہ جبار نے اظفر رحمٰن اور ثبور علی کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔
حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو دیا جس میں ماڈلنگ سے لے کر اداکاری کے شعبے میں قدم رکھنے تک کے سفر کا ذکر کیا۔
صحیفہ جبار خٹک نے بتایا کہ ''بچپن سے ہی مجھے شہرت حاصل کرنے کا شوق تھا لیکن میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ میرا تعلق مستقبل میں میڈیا سے ہو گا۔ ہم چونکہ پٹھان ہیں ہماری فیملی میں لڑکیوں کو پڑھایا جاتا ہے تو میں بھی یہ ہی سوچتی تھی کہ پڑھ لکھ کر کچھ بنوں گی'' ۔
ماڈل و اداکارہ کا کہنا تھا کہ ''میں نے ماڈلنگ کا آغاز اپنی یونیورسٹی میں ایک پروجیکٹ سے کیا تھا، طلباء میرے پاس آتے اور کہتے کہ برائے مہربانی ہمارے کپڑے پہن کر واک کر دو، اس کے بعد مجھے ماڈلنگ کی آفر ہوئی جسے میں نے قبول کر لیا''۔
انہوں نے بتایا کہ ''بعدازاں مجھے ایمرجنگ ٹیلنٹ کے ایوارڈز سے نوازا گیا جس کے بعد ڈراموں کی آفرز آنا شروع ہو گئیں۔ مایوں والے دن مجھے ہم ٹی وی سے فون آیا کہ کل آپ کا آڈیشن ہے میں نے کہا کہ میری شادی چل رہی ہے تو انہوں نے کہا کہ کوئی مسئلہ نہیں آپ آئیں اور آڈیشن دیں۔ میں مایوں کے اگلے ہی دن لاہور سے کراچی آڈیشن دینے کے لیے آئی''۔
صحیفہ کا مزید کہنا تھا کہ '' میں نے بالکل بد دلی کے ساتھ برا آڈیشن دیا کیونکہ میری کوشش تھی کہ ان کو یہ پسند نہ آئے اور میں ریجیکٹ ہو جاؤں کیونکہ انہیں میری شادی کے فورا بعد شوٹنگ کا آغاز کرنا تھا، لیکن مجھے 2 سے 3 دن بعد فون آگیا کہ آپ آجائیں ہم نے سلیکٹ کر لیا ہے''۔
یہ ڈرامہ صحیفہ جبار کا پہلا پراجیکٹ تھا جس کا نام تیری میری کہانی تھا۔
اپنے والد سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ''ابو نے میرے انڈسٹری میں آنے پر شروع میں سوچا ضرور تھا لیکن بعد میں وہ راضی ہو گئے تھے انہوں نے ہمیشہ کہا کہ بیٹا پیسے کے لیے بالکل کام نہ کرنا، شوق کے لیے کرو، وہ سمجھاتے تھے کہ پیسے کے پیچھے کبھی مت بھاگنا، جہاں سے عزت سے ملیں لے لو اور میں اب یہ ہی فارمولا اپناتی ہوں''۔
صحیفہ جبار خٹک نے مزید کیا دلچسپ باتیں کیں؟ ملاحظہ کیجئے:
٭ آپ کو صحیفہ جبار کی باتیں کیسی لگیں؟ اِس حوالے سے اپنی قیمتی رائے کا اظہار ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کمنٹ سیکشن میں کرنا نہ بھولیے گا۔