گزشتہ چند دنوں سے پورے سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے والی پاوری گرل دنانیر ایک پروگرام کا حصہ بنیں جس میں انہوں نے اپنے بارے میں ڈھیر ساری گفتگو کی۔
انٹرویو کے دوران میزبان نے پوچھا کہ آپ دن بھر کے روٹین میں کیا کرتی ہیں جس پر دنانیر کا کہنا تھا میں نے ابھی اپنا اے لیولز مکمل کیا ہے اور اب میں یونیورسٹی کے لیے اپلائی کروں گی۔ انہوں نے بتایا کہ میں آج کل اپنے گھر پر ہوں اور اپنا بیشتر وقت کونٹینٹ بنانے میں صرف کرتی ہوں۔
میزبان نے پوچھا کہ کیا آپ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بناتی ہیں جس پر پاوری گرل کا کہنا تھا کہ میں ٹک ٹک پر ویڈیوز نہیں بتاتی البتہ میں انسٹاگرام، ٹوئٹر پر ویڈیوز شئیر کرتی ہوں۔
میزبان کے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو بنانے کے 13 دن بعد انسٹاگرام پر اپ لوڈ کی اور پھر وہاں سے کسی نے اسکرین ریکارڈنگ کے ذریعے فیسبک کے کسی پیچ پر شئیر کردی اور وہ ویڈیو تمام سماجی رابطے کے پلیٹ فارمز پر بہت وائرل ہوئی۔
انہوں نے گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ ان کی واٸرل ویڈیو مشہور بھارتی اداکار سدھارت ملہوترا نے بھی شئیر کی جن کی وہ خود بہت بڑی مداح ہیں۔
میزبان نے پوچھا کہ آپ کی ویڈیو دنیا بھر میں مشہور ہوئی اور اگر آپ کو ڈراموں میں اداکاری کرنے کا موقع ملے تو گھر والے اجازت دیں گے؟ جس پر دنانیر نے کہا کہ اداکاری کرنے پر اہلخانہ رضامندی ظاہر نہیں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میرا تعلق پشاور سے اور گھر والوں نے میرے لیے کچھ حدود متعین کر رکھی ہیں۔
یوٹیوبر دنانیر مبین نے مزید بتایا کہ وہ مستقبل میں سی ایس ایس آفیسر بننے کی خواہشمند ہیں۔