ماں سے بڑی کوئی نعمت نہیں! ''میری والدہ مجھے جو ہدایت دیتی تھیں وہ میرے لیے ایک قانون بن جاتا تھا اور''۔۔۔ شان شاہد کا مرحومہ والدہ کے لیے جذباتی پیغام

ہماری ویب  |  Feb 04, 2021

گزشتہ دنوں لاہور میں انتقال کرنے والی پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلو بیگم کے بیٹے اداکار شان شاہد نے اپنی مرحومہ ماں کی یاد میں ایک دل سوز پیغام جاری کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دیے گئے پیغام میں تحریر کیا کہ ''جب میں نے اپنے والد کو کھویا تو آپ نے مجھے ایک باپ کی طرح سنبھالا''۔

شان شاہد نے کہا کہ ''جب میں چلتا تھا تو اپنی والدہ کے نقش قدم پر چلتا تھا اور جب میں بھاگتا تھا تو وہ ہمیشہ مسکراتے ہوئے فائنل لائن (جہاں راستہ ختم ہوتا تھا) پر موجود ہوتی تھیں''۔

اداکار نے لکھا کہ ''میری والدہ مجھے جو ہدایت دیتی تھیں وہ میرے لیے ایک قانون بن جاتا تھا''۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ''میں نے اپنے سفر میں جہاں بھی والدہ کو دیکھا تو وہ سفر میرے لیے منزل بن جاتا تھا''۔

یاد رہے نیلو بیگم کا انتقال 80 برس کی عمر میں لاہور میں ہوا۔ اداکارہ نیلو بیگم فلم ڈائریکٹر مرحوم ریاض شاہد کی اہلیہ اور اداکار شان کی والدہ تھیں جبکہ ان کا اصل نام عابدہ ریاض تھا۔ نیلو کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔

٭ اس حوالے سے اپنی قیمتی رائے کا اظہار ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کمنٹ سیکشن میں کرنا نہ بھولیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More