پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ حبا بخاری کا شمار باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے اور مداح ان کی فنکاری کو بے حد سراہتے ہیں۔
اداکارہ حبا بخاری ایک سادہ فیملی سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے خاندان کا کوئی بھی فرد شوبز انڈسٹری کا حصہ نہیں ہے۔ وہ اپنی فیملی میں سب سے چھوٹی ہے۔ ان کے دو بھائی اور ایک بہن ہے۔
ڈرامہ سیریل دیوانگی سے شہرت پانے والی اداکارہ حبا بخاری نے ایک پرانے انٹرویو میں ایک چینل کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے شوبز میں آنے سے قبل اپنی زندگی اور کیرئیر سے متعلق گفتگو کی۔
اداکارہ حبا بخاری نے کہا ہے کہ والد مجھے کاروباری شخصیت بنانا چاہتے تھے لیکن میں نے بزنس میں پڑھائی کے باوجود اداکارہ کو ترجیح دی۔
اداکارہ حبا بخاری کا کہنا ہے کہ مجھے بچپن سے اداکاری کا شوق تھا لیکن والد کی خواہش تھی کہ میں کاروباری شخصیت بنوں کیوں کہ والد صاحب خود بھی بزنس مین ہیں لیکن میں نے تجارت میں پڑھائی کے باوجود اداکاری کو ترجیح دی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اداکاری کا بے حد شوق ہونے کی وجہ سے میں اپنے والدین کو ایک فنکارہ کے طور پر شناخت دینا چاہتی تھی، اس خواب کو پورا کرنے کے لیے مجھے مجبوراً ماڈلنگ کا سہارا لینا پڑا، یہاں تک کہ ماڈلنگ کو صرف شوبز کی دنیا میں آنے کے لیے پہلا در سمجھ کر جوائن کیا لیکن اداکاری کی دنیا میں آنے کے بعد میری پہلی ترجیح اداکاری رہی اور ہمیشہ رہے گی۔
حبا بخاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت میری تمام تر توجہ اپنی اداکاری پر ہے کیوں کہ میں اداکاری کی دنیا میں کچھ ایسے کردار کرنا چاہتی ہوں جسے لوگ ہمیشہ یاد رکھیں۔
خیال رہے کہ 2015 میں ڈرامہ چھوٹی سی زندگی سے بطور معاون اداکارہ ڈیبیو کرنے والی حبا بخاری اپنے فنی کیریئر میں اب تک تیری میری جوڑی، تھوڑی سی وفا، بھولی بانو، ہارا دل ، سلسلے، ’رمز عشق، اور دیوانگیجیسے کئی سپرہٹ ڈرامہ سیریلز میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔