اداکاروں کی شادیاں اور تیاریاں ان کے چاہنے والے پرستاوں کے لئے سارا سال توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ کسی کی شادی کی خبریں پورا پورا ہفتہ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش رہیں تو کسی جوڑے کی شادی کی اچانک خبر موصول ہوئی۔ ویسے تو یہ سال وباء کی لپیٹ میں رہا اور اب یہ اپنے اختتام کی جانب رواں دواں ہے لیکن پورا سال مشکل حالات کے باوجود بھی متعدد فنکار و گلوکار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔
تو آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں ان جوڑوں پر جو 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔آیئے جانتے ہیں کہ رواں برس کن مشہور جوڑیوں نے اپنی زندگی کےنئے سفر کا آغاز کیا ہے۔
1- نمرہ خان
پاکستان شوبز کی معروف ترین اداکارہ نمرہ خان راجا افتخار کے ساتھ 19 اپریل کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ واضح رہے کہ دونوں کی شادی کے کچھ ہفتوں بعد سوشل میڈیا ان کی علیحدگی کی خبریں بھی زیر گردش رہیں۔
2- ثمینہ احمد اور منظر صہبائی
رواں برس اپریل کے ماہ میں پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی مقبول ترین 70 سالہ اداکارہ ثمینہ احمد اور اداکار منظر صہبائی بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
منظر صہبائی اور ثمینہ احمد کے نکاح کی تقریب لاہور میں سادگی سے ہوئی جس میں صرف ان کے گھر والوں نے شرکت کی۔ مداحوں کو ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کی شادی کی بہت زیادہ خوشی ہوئی۔
3- حنا الطاف اور آغا علی
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ حنا الطاف اور اداکار و گلوکار آغا علی کے ساتھ رواں برس مئی میں شادی کے بندھن میں بندھیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آغا علی اور اداکارہ سارہ خان کا جوڑا سوشل میڈیا پر کافی مقبول رہا تھا۔
4- شہروز سبزواری اورصدف کنول
سال 2020 مئی کے مہینے میں اداکار شہروز سبزواری اور ماڈل صدف کنول گھر میں منعقدہ سادہ سی تقریب میں ازدواجی بندھن میں منسلک ہوگئے۔
خیال رہے کہ اداکار شہروز سبزواری کی دوسری جب کہ ماڈل صدف کنول کی یہ پہلی شادی تھی۔
5- سارہ خان اور فلک شبیر
پاکستان کی خوبرو اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر جولائی کے مہینے میں ایک دوسرے کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے۔ دونوں کی جوڑی مداحوں کو بے حد پسند آئی۔