کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ ایک انٹرویو کے دوران اپنے والد کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اداکارہ حنا الطاف نے انکشاف کیا کہ ایک وقت تھا جب میرا اور میرے والد کے درمیان بہت اختلاف رہا لیکن جب والد کی سرجری ہوئی تو میں نے سنا کہ وہ کسی کو بتا رہے تھے کہ سرجری کے سارے اخراجات حنا نے ادا کیے ہیں وہ میری بیٹی نہیں بیٹا ہے۔
حنا الطاف نے بتایا کہ اس دوران والد کا کہنا تھا کہ میرے دو بیٹے اور بھی ہیں لیکن حنا میرا تیسرا بیٹا ہے، یہ میرا کندھا ہے سب سے مضبوط کندھا۔
اداکارہ نے کہا کہ والد کے یہی الفاظ آج میری کامیابی کا سبب ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ کسی بھی لڑکی کے لئے زندگی کی سب سے بڑی کامیابی یہی ہے جب وہ مضبوط طریقے سے اپنے والد کے پیچھے کھڑی ہوجائے، ایک ایسے وقت میں جب وہ کندھے کمزور پڑ جائیں تو آپ کو پتہ ہونا چاہیے کہ نہیں میں ہی ادھر ہوں۔
حنا الطاف کا مزید کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ والد کا جو ایک جملہ تھا کہ حنا میری بیٹی نہیں میرا بیٹا ہے اس چیز نے مجھے اندر سے بہت مضبوط بنا دیا، ان کے یہی جملے میرے لیے سب کچھ ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال مئی میں حنا الطاف اور اداکار آغا علی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اس کے علاوہ وہ کئی مشہور ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔