کورونا وائرس کے آغاز سے لے کر اب تک اس وبا کی متعدد علامات سامنے آ چکی ہیں جن میں کھانسی، تیز بخار، سر درد، نزلہ اور سانس ٹھیک طریقے سے نہ آنا شامل ہیں، اس کے علاوہ اس وبا سے گردے، جگر اور دیگر اعضا بھی متاثر ہوتے ہیں۔
تاہم حال ہی میں امریکہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی حرکت قلب بھی بند ہو سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنسلوانیا یونیورسٹی کے اسپتال میں زیرعلاج کورونا وائرس کے 700 مریضوں میں سے 9 کو اچانک کارڈیک اریسٹ کا سامنا ہوا، یعنی حرکت قلب اچانک تھم گئی۔ ان 9 میں سے 7 مریضوں کی عمریں 60 سال سے کم تھی۔
ڈاکٹرز ان 9 میں سے 6 مریضوں کی زندگیاں بچانے میں ہوگئے لیکن محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے یاد دہانی ہوتی ہے کہ کووڈ 19 کسی طرح پورے جسم میں تباہی مچانے والی بیماری ہے۔
طبی جریدے ہارٹ ردہم میں شائع تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں میں دل کے کچھ مسائل غیرمعمولی بلڈ کلاٹس کا نتیجہ ہوتے ہیں۔