گزشتہ روز پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں سورج گرہن دیکھا گیا۔ سورج گرہن کے موقع پر لوگوں کو ہمیشہ احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جاتا ہے جبکہ ماہرین کی جانب سے یہ ہدایات بھی کی جاتی ہیں کہ سورج کو براہِ راست نہ دیکھیں اور مخصوص چشمے کا استعمال کریں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ سورج گرہن ہوتا کیوں ہے؟
تفصیلات کے مطابق سورج گرہن اُس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں گردش کے دوران سورج اور زمین کے درمیان میں آجاتا ہے۔
جب چاند سورج اور زمین کے درمیان آتا ہے تو زمیں پر موجود لوگوں کو سورج کا کچھ حصہ یا بعض اوقات پورا سورج نظر نہیں آتا جس کی وجہ سے دن میں رات کا سا سماں معلوم ہونے لگتا ہے۔
آئیے اب ہم بتاتے ہیں آپ کو سورج گرہن کی چند اقسام
مکمل سورج گرہن
حلقی سورج گرہن
مخلوط سورج گرہن
جزوی سورج گرہن
مکمل سورج گرہن
مکمل سورج گرہن کے وقت چاند کا فاصلہ زمین سے نسبتاً کم ہوتا ہے، سورج کے مکمل چھپ جانے کی وجہ سے خطے میں نیم اندھیرا ہو جاتا ہے اور دن کے وقت ستارے نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں مگر یہ گرہن ایک مقام پر سات منٹ چالیس سیکنڈ تک ہی ہوتا ہے اور اکثر اس کا دورانیہ کم بھی ہوتا ہے، زمین کے جس خطے میں مکمل سورج گرہن لگتا ہے وہاں دوبارہ 340 سال بعد اس طرح کا گرہن لگنے کے اثرات ہوتے ہیں۔
حلقی سورج گرہن
زمین پر حلقی سورج گرہن اُس وقت لگتا ہے کہ جب چاند سورج اور زمین کے درمیان آجاتا ہے مگر اس کا سورج سے فاصلہ زیادہ ہوتا ہے اور یہ سورج کو مکمل طور پر چھپا نہیں سکتا۔ اس صورتِ حال میں چاند کا سائز چھوٹا ہوتا ہے اور سورج کی روشنی زمین پر پڑتی ہے۔
مخلوط سورج گرہن
زمین پر بعض اوقات سورج گرہن اس طرح نظر آتا ہے کہ بعض جگہ پر مکمل سورج گرہن نظر آتا ہے اور کسی مقام پر مخلوط نظر آتا ہے، اس صورت میں حلقی سورج گرہن کا حلقہ بہت باریک ہوتا ہے اس لیے زمین پر مخلوط قسم کے سورج گرہن بہت کم نظر آتے ہیں۔
جزوی سورج گرہن
جزوی سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند اور سورج ایک دوسرے کے سامنے نہ ہوں اور چاند جزوی طور پر سورج کو زمین سے چھپا رہا ہو۔ ایسی صورتحال میں ممکن ہے کہ زمین کے مختصر حصے پر سورج گرہن اور ایک بڑے حصے پر جزوی گرہن نظر آئے۔