کورونا وائرس اس قدر خطرناک مرض ہے کہ یہ مریض کو اپنے ہونے کا احساس تک نہیں ہونے دیتا اور اس پر حملہ آور ہو جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سائنسدانوں نے دنیا بھر میں کووڈ 19 کے مریضوں کے 16 مختلف گروپس کے ڈیٹا کا مطالعہ کیا جس کے کے بعد یہ پتہ لگا کہ کورونا وائرس کے کتنے کیسز ممکنہ طور ایسے ہوسکتے ہیں جن میں متاثرہ فرد بیماری کا علم ہوئے بغیر وائرس کو آگے پھیلا دیتا ہے۔
ایسے افراد کو اسمپٹومیٹک کیرئیر بھی کہا جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق کم از کم یہ تعداد 30 فیصد ہوسکتی ہے بلکہ زیادہ امکان یہ ہے کہ 40 سے 50 فیصد کیسز بغیر علامات والے ہوتے ہیں۔
سائنسدانوں نے دریافت کیا کہ بظاہر صحت مند مگر وائرس سے متاثر یہ افراد بھی اسی طرح وائرس کو پھیلا سکتے ہیں جیسے وہ افراد جن میں علامات نمودار ہوتی ہیں یعنی بظاہر تو یہ افراد بیمار نظر نہیں آتے مگر ممکنہ طور پر وائرس لیے پھرتے ہیں کہ دوسروں تک اسے منتقل کرسکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق ایسے افراد ممکنہ طور پر 14 دن سے زیادہ عرصے تک وائرس کو آگے منتقل کرسکتے ہیں جبکہ ابھی یہ دورانیہ 14 دن سمجھا جاتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ جو لوگ بغیر علامات کے وائرس کو جسم کے اندر لے کر پھرتے ہیں، ان کے جسموں کے اندر بھی بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے اور انہیں اس کا علم بھی نہیں ہوتا۔
واضح رہے مذکورہ تحقیق جریدے اینالز آف انٹرنل میڈیسین میں شائع کی گئی۔