اگر آپ کے گھر میں کسی کو کورونا وائرس ہوجائے تو ایسی صورتحال میں کس طرح رہنا چاہیے؟ جانیں انتہائی اہم معلومات

ہماری ویب  |  Jun 05, 2020

کورونا وائرس وہ خطرناک وائرس ہے جس نے پوری دنیا میں تباہی پھیلائی ہوئی ہے، دن بدن یہ وائرس شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

ایسے میں ایک سوال جو انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وہ یہ کہ اگر گھر کے کسی فرد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو جائے تو دیگر افراد کو اس صورتحال میں کیا کرنا چاہیے؟

غیر ملکی ویب سائٹ میل آن لائن کے مطابق ایک ڈاکٹر مائیکل موسلے کا کہنا ہے کہ جس شخص کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آجائے، سب سے پہلے اسے گھر میں خود کو سب سے الگ کر لینا چاہیے یعنی فوری طور پر قرنطینہ اختیار کر لینا چاہیے۔

گھر کے دیگر افراد میں چاہے کوئی علامات موجود نہ ہوں مگر انہیں بھی خود کو قرنطینہ میں لے جانا چاہیے اور 14 دن مکمل احتیاط کے ساتھ گزارنے چاہئیں۔

گھر میں اور گھر سے باہر سماجی فاصلے کی پابندی پر سختی سے عمل کریں۔ گھر میں ایک دوسرے کا سامان استعمال نہ کریں، مثال کے طور پر کپڑے اور تولیہ وغیرہ۔

ڈاکٹر مائیکل نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کو بار بار اپنے ہاتھ دھونے چاہئیں جبکہ گھر کے دیگر افراد کو بھی یہی کرنا چاہیے۔

اپنے کپڑے باقاعدگی سے تبدیل کریں اور دھوئیں۔ متاثرہ شخص کو الگ کرنے کے بعد باقی گھر کا فرش اور دیگر سطحیں اچھی طرح دھوئیں اور ڈس انفیکٹ کریں۔ استعمال شدہ ٹشو اور دیگر چیزیں گھر میں رکھنے کی بجائے کچرے کے ڈبے میں ڈالیں۔

یاد رہے وائرس کا شکار ہونے والے زیادہ تر لوگ 7 دن میں صحت یاب ہو جاتے ہیں لیکن اگر آپ کے گھر میں موجود متاثرہ صحت مند نہیں ہوتا اور اس کی علامات شدت اختیار کر جاتی ہیں تو اس صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More