ہم نے اکثر و بیشتر یہ دیکھا ہے کہ جب لوگ بھاگ رہے ہوتے ہیں تو ان کے ہاتھ مڑ جاتے ہیں جبکہ چلتے ہوئے ہاتھ سیدھے رہتے ہیں، ایسا کیوں ہوتا ہے؟
کچھ لوگوں کا یہ ماننا ہے کہ ایسا کرنا دوڑنے کی رفتار بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔
لیکن اگر ایک امریکی تحقیق کے نتائج کو درست مانا جائے تو دوڑتے ہوئے ہاتھوں کو سیدھا رکھنا بھی ہماری رفتار کو متاثر نہیں کرتا۔ یہ دلچسپ دعویٰ ہارورڈ یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
دوڑتے ہوئے ہاتھوں کو سیدھا رکھنا بھی اتنا ہی مؤثر ہے جتنا انہیں کہنی کی مدد سے موڑ لینا، اس بات کا اندازہ آپ خود بھی لگا سکتے ہیں۔
چہل قدمی کرتے ہوئے ہاتھ سیدھے رکھنا، اور دوڑتے ہوئے ہاتھ کو اوپر کی جانب موڑ لینا اکثر افراد ایسا کرتے ہیں، مگر اب تک سائنسدان یہ نہیں جاتنے تھے کہ اس کی وجہ کیا ہے۔
ہونے والی تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ چہل قدمی کرتے ہوئے کہنی کو موڑ لینے سے زیادہ جسمانی توانائی خرچ ہونے لگی جبکہ آکسیجن کے استعمال کی شرح بھی 11 فیصد تک بڑھ گئی، جبکہ حیران کن طور پر دوڑنے والے افراد میں دونوں طریقوں سے کوئی فرق سامنے نہیں آیا۔
ماہرین کے مطابق دوڑتے ہوئے ہاتھ اوپر کی جانب موڑ لینے سے ہاتھ سر کو ایک پوزیشن میں مستحکم رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
واضح رہے تحقیق کے نتائج جریدے جرنل آف ایکسپریمنٹل بائیولوجی میں شائع ہوئے۔