کیا آپ ایسا کرسکتے ہیں کہ ایک لیموں لیں، اس کا چھلکا اتاریں اور پھر اسے سپاٹ چہرے کے ساتھ کھا کر دکھائیں۔
ویسے تو لیموں کے استعمال کے بے شمار حیرت انگیز فوائد موجود ہیں مگر کیا آپ براہ راست لیموں کھانے کا مزہ لے سکتے ہیں-
ممکن ہے کہ بہت ہی کم افراد ایسا کارنامہ انجام دے پائیں مگر زیادہ تر لوگ لیموں کھانے سے کتراتے ہیں کیونکہ جیسے ہی لیموں کا ذائقہ منہ میں جاتا ہے تو اس کی کھٹاس میں اتنی شدت ہوتی ہے کہ وہ چہرے کے مسلز کو آپ کی مرضی کے بغیر حرکت میں لاسکتی ہے۔
سائنسدان بھی انسان کے لیموں چاٹنے کے بعد چہرے کے مسلز بدل جانے کی وجہ جان نہیں سکے ہیں مگر اس کی وجہ 3 چیزوں میں پوشیدہ ہوسکتی ہے، پروٹون، وٹامن سی اور ہزاروں سال قبل اسے کھانے کا انداز۔
ویسے یہ ترش غذائیں مزیدار اور جسم کے لئے فائدہ مند ہوتی ہیں تو پھر کیوں ان کو کھانے کے دوران چہرہ بگڑ جاتا ہے؟
اس کا جواب سائنسدان یہ دیتے ہیں کہ چہرے پر ابھرنے والی جھریاں درحقیقت ایک طرح کا مسترد کردینے والا ردعمل ہوتا ہے یا یہ خود کو اور دیگر افراد کو اشارہ(سگنل) دینے والا ردعمل ہوتا ہے۔
تاہم سائنسدانوں کو یہ معلوم نہیں کہ یہ سگنل کس مقصد کے لئے ہوتا ہے۔