سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے کورونا وائرس زیادہ مہلک ثابت ہوسکتا ہے لہٰذا فشار خون کے مریض سخت احتیاط کریں۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے ریاض میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ بلڈ پریشر کا مرض ان امراض میں سے ایک ہے جو کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے خطرہ ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثر ہونے کی صورت میں بلڈ پریشر کے مریضوں میں علامتیں شدت اختیار کر جاتی ہیں، بلڈ پریشر کے مریض سوچ سمجھ کر کام لیں اور وزارت صحت کی ہدایات کی سختی پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
انہوں نے بلڈ پریشر کے مریضوں کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ وہ مقررہ دواؤں کی پابندی کریں، تناؤ والی سرگرمیوں اور باتوں سے دور رہیں اور اطمینان کے لئے بلڈ پریشر چیک کرتے رہیں، صحت بخش غذا کی پابندی کریں۔