پاکستان سپر لیگ 5 ! جیت کس کی ہوگی اور کون گھر جائے گا؟

ہماری ویب  |  Mar 11, 2020

پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کا پہلا مرحلہ اپنے اختتام پر ہے اور سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اب بھی تمام ٹیمیں مقابلے کی دوڑ میں موجود ہیں، یہاں تک ہار سے آغاز کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز جس نے ٹورنامنٹ میں بہترین کم بیک کیا اور اپنی دو یادگار کامیابیوں کے باعث پی ایس ایل ٹورنامنٹ کو مزید سنسنی خیز بنا دیا۔

اگر پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو 23 میچوں کی تکمیل کے بعد ملتان سلطانز کی ٹیم سر فہرست ہے اور ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرنے والی اب تک کی واحد ٹیم بھی یہی ہے۔

ملتان سلطانز

ملتان سلطانز 7 میچوں کے بعد 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہے یعنی اس کے 3 میچ اب بھی باقی ہیں اور ان میں مزید کامیابیاں سلطانز کی پوزیشن کو اور بھی مضبوط کردیں گی۔ کہہ سکتے ہیں کہ ملتان کی ٹیم اب اپنے باقی کے میچز سکون کے ساتھ کھیلے گی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ

2 بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک سب سے زیادہ یعنی 9 میچز کھیل چکی ہے جن میں صرف تین میچز ہی جیت پائی ہے جبکہ ایک بارش کی نذر ہو گیا تھا، اسلام آباد کے پوائنٹس ٹیبل پر صرف 7 پوائنٹس ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اب اپنا واحد میچ کراچی کنگز کے خلاف کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی اور اسلام آباد کے لئے یہ میج جیتنا بے حد ضروری ہو گا۔

پشاور زلمی

پی ایس ایل میں اس وقت پشاور زلمی کی ٹیم اسلام آباد اور کوئٹہ کے مقابلے میں نسبتاً بہتر پوزیشن میں ہے۔ 8 میں سے 4 میچز جیتنے کے بعد پشاور زلمی کے 9 پوائنٹس بر قرار ہیں اور آگے آنے والے 2 میچوں میں ایک کامیابی بھی اسے اگلے مرحلے تک پہنچانے کے لیے کافی ہوگی۔ مگر یہ دونوں میچز پشاور کے لئے بہت مشکل ہوں گے۔

کراچی کنگز

کراچی کنگز کی کارکردگی اس سال لاہور قلندرز کی ٹیم سے کافی بہتر رہی ہے۔ کراچی اپنے آخری میچوں میں بہت اچھا کھیلا ۔ پشاور اور اسلام آباد کے خلاف جیت حاصل کی، لیکن ملتان سلطانز کے خلاف میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہو گیا تھا۔

لاہور کے خلاف کراچی کے بلے بازوں نے بہت عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا مگر خراب فیلڈنگ اور بین ڈنک کی شاندار پر فارمنس سے کراچی کنگز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی کے لئے آگے بہت اچھا موقع ہے کیونکہ اس کے باقی تینوں میچ ہوم گراؤنڈ پر اور ہوم کراؤڈ کے سامنے ہیں۔ کراچی 12 مارچ کو اپنا میچ لاہور کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے گا تاہم کراچی کی ٹیم لاہور کو ہرا کر پچھلی شکست کا بدلہ لے سکتی ہے اور اس کے بعد بے حال کوئٹہ اور اسلام آباد سے کھیلنا ہے۔ یہاں 2 فتوحات بھی کراچی کے لیے کافی ہوں گی۔

لاہور قلندرز

لاہور قلندرز اب اپنے تین بقیہ میچز روایتی حریف کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گا۔ آگے آنے والے میچز لاہور کے لئے انتہائی سنسنی خیز اور مشکل ہو سکتے ہیں۔

کل کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے آخری اوور میں میچ جیت کر اپنے نام کیا جس کے بعد لاہور کے حوصلے لازمی بلند ہوئے ہوں گے۔ اس کے بعد لاہور کو کھیلنا ہوگا کراچی کے خلاف، وہ بھی کراچی کے اپنے میدان پر۔ اگر یہ دونوں میچ لاہور جیت جاتا ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 10 ہو جائے گی اور وہ اگلے مرحلے میں باآسانی پہنچ جائے گا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس بار پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے موجود ہے جو کہ سب کے لئے حیران کن بات ہے۔ کوئٹہ کی ٹیم پی ایس ایل کی بہترین ٹیموں میں شمار کی جاتی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 2020ء کے سیزن میں 8 میچوں میں صرف 3 فتوحات اور 5 شکستوں کا سامنا کر چکی ہے جو کہ ایک مایوس کن بات ہے۔

اب امید کی جا سکتی ہے کہ کوئٹہ اپنے آخری 2 میچز میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کو اچھے مارجن سے شکست دے لیکن اگر کوئٹہ ایک بھی میچ ہارتا ہے تو ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More