نانگا پربت سر کرنے کی کوشش کے دوران غیرملکی خاتون کوہ پیما ہلاک

اردو نیوز  |  Jul 04, 2025

پاکستان کی دوسری سب سے بلند چوٹی نانگا پربت سر کرنے کی کوشش کے دوران چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والی غیرملکی خاتون کوہ پیما ایک حادثے میں ہلاک ہو گئیں۔

یہ حادثہ کیمپ ون اور کیمپ ٹو کے درمیان پیش آیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع خاتون کی ساتھی کوہ پیما نے دی۔

انہوں نے بیس کیمپ پہنچ کر بتایا کہ ’یہ واقعہ گذشتہ رات تقریباً چار بجے بونر نالہ بیس کیمپ کے قریب پیش آیا، جہاں خاتون کوہ پیما لاوشاوا کلارا آکسیجن گیس سلنڈر پھٹنے سے حادثے کا شکار ہو گئیں۔‘

پولیس اور ہائی پورٹرز کی ایک اضافی ٹیم فوری طور پر بیس کیمپ روانہ کر دی گئی ہے جبکہ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مزید تفصیلات کے مطابق غیرملکی کوہ پیما 16 جون کو بونر بیس کیمپ کی جانب روانہ ہوئی تھیں اور 17 جون کو اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچ گئی تھیں۔

نانگا پربت دنیا کا نواں سب سے بڑا پہاڑ ہے اور پاکستان کی دوسری بلند ترین چوٹی بھی ہے۔ یہ پہاڑ ہمالیہ سلسلے میں واقع ہے اور اس کی اونچائی 8126 میٹر ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More