پشاور زلمی پی ایس ایل کی سب سے طاقتور ٹیم کیوں مانی جاتی ہے؟ جانئیے اس رپورٹ میں

ہماری ویب  |  Feb 04, 2020

پاکستان کے سب سے بڑے اسپورٹس ایونٹ پی ایس ایل کی آمد آمد ہے اور اِس بار تو خوشی ہی ڈبل ہے کیونکہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہو رہے ہیں۔ پی ایس ایل کی ہر فرنچائز کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ دنیا بھر سے ایسے کِھلاڑی منتخب کرے جو اس کی ٹیم کے لئے اچھی پرفارمنس دیں۔ ٹیم میں کِھلاڑیوں کے انتخاب سے لے کر ہر میچ کی حکمتِ عملی تک بہت دماغ لڑایا جاتا ہے۔

ویسے تو پی ایس ایل کی ہر ٹیم ہی بظاہر مضبوط نظر آتی ہے لیکن جب بات آتی ہے میدان میں کھیلنے کی تب اصل حقیقت کھل کر سامنے آتی ہے۔

پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ کی وہ ٹیم ہے جس کا باہمی تعلق کمال کا ہے۔ ہر کھلاڑی ایک دوسرے کا بہترین دوست ہے۔ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کا اپنی ٹیم سے تعلق اور ان کی اپنی ٹیم سے وفاداری کسی سے چھپی نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈیرن کے پاکستان بھر میں کروڑوں مداح موجود ہیں جو صرف ان ہی کی وجہ سے پشاور زلمی کو سپورٹ کرتے ہیں۔


اس کے علاوہ اِس ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلوص کی مثال ہمیں اس وقت مِلی جب 2017 میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل پاکستان میں کرانے کا فیصلہ ہوا تو باقی تمام ٹیموں کے کھلاڑی ٹال مٹول کرنے لگے مگر پشاور زلمی نے پہلے ہی یہ اعلان کر دیا تھا کہ ہمارے سب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گے اور وہ آئے بھی۔ یہ اعتماد کی معراج تھی اور اسی وجہ سے پشاور زلمی چمپئین بھی بن گیا تھا کیونکہ ان کے کھلاڑیوں کا کمبی نیشن متاثر نہیں ہوا تھا۔ اس کا سہرا ٹیم کے مالک جاوید آفریدی کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹیم میں ایک گھر جیسا ماحول بنا کے رکھا ہوا ہے۔



اگر بات کی جائے میدان میں پرفارمنس کی تو ٹیم کے پاس بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔ پشاور کی بیٹنگ کے حوالے سے بات کریں تو یہ وہ ٹیم ہے جِسے ٹی 20 میں آخری نمبر تک بیٹنگ کی سہولت میسر ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے جو اس ٹیم کو ہرانا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔ جبکہ اس سیزن میں پشاور والوں نے اپنی ٹیم میں شعیب ملک کو بھی شامل کر لیا ہے۔ کامران اکمل پی ایس ایل کے سب سے بہترین بیٹسمین ہیں۔ کامران اکمل کا کمال یہ ہے کہ انہوں نے صرف رنز ہی نہیں بنائے بلکہ تیزی کے ساتھ بنائے ہیں جس کی وجہ سے شروع میں ہی مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس بار پشاور زلمی میں ٹام بینٹن بھی شامل ہوں گے جس کی وجہ سے ان کی بیٹنگ سائڈ اور مضبوط ہو گئی ہے۔

اب اگر ٹیم کی باؤلنگ کو دیکھا جائے تو پشاور کی باؤلنگ بھی باقی سب ٹیموں کے مقابلے میں طاقتور ہے۔ پشاور کو اس لیے بھی زیادہ فائدہ حاصل ہے کیونکہ اس کے اہم ترین باؤلرز پاکستانی ہیں۔ مقامی اور اچھے ٹیلنٹ کا فائدہ یہ ہے کہ آپ کے پاس آپشن زیادہ ہوجاتے ہیں کیونکہ صرف 4 غیر ملکی کھلاڑی ہی ایک ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

پشاور زلمی کے باؤلرز کو دیکھا جائے تو ان میں وہاب ریاض جو محدود اوورز کے انتہائی کارآمد باؤلر ہیں۔ اس کے علاوہ حسن علی جن کا شمار دنیا کے بہترین باؤلرز میں ہوتا ہے جبکہ اس بار پشاور والوں نے ایمرجنگ میں 2 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔ عامر خان جنہیں مستقبل کا بہترین فاسٹ باؤلر کہا جاسکتا ہے اور ان کے ساتھ عامر علی ہیں جو انتہائی قابل لیفٹ آرم اسپنر ہیں۔ دونوں اس وقت انڈر 19 ورلڈکپ کھیل رہے ہیں اور پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچا چکے ہیں۔

باؤلنگ میں مزید ورائٹی کے لیے کیرون پولارڈ، ڈیرن سیمی اور شعیب ملک جیسے چیتے کِھلاڑی بھی موجود ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More