مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل ایک بار پھر خبروں کی زد میں آگئے ، اس بار یہ اطلاعات سامنے آئیں ہیں کہ انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والے فٹنس ٹیسٹ کے دوران اسٹاف ممبرز سے بدتمیزی کی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عمر اکمل کی جانب سے عملے کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر نوٹس لے لیا، مڈل آرڈر بیٹسمین کو اپنے خراب رویئے کے باعث ڈومیسٹک سیشن میں معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں کھلاڑیوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے اور عمر اکمل کے ساتھ ان کے بھائی کامران اکمل اور سابق کپتان سلمان بٹ کو بھی نیشنل ون ڈے کپ میں شرکت پر پابندی کا سامنا ہے، دونوں کھلاڑی فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام دکھائی دئے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ فٹنس کا مطلوبہ معیار حاصل نہ کر سکنے پر تینوں کھلاڑی قومی ون ڈے ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں گے ،فزیکل فٹنس کا مطلوبہ معیار حاصل نہ کر پانے کے باعث تینوں پر جرمانہ عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
سلمان بٹ اور کامران اکمل ٹورنامنٹ میں زیادہ رنز بنانے والوں میں دوسرے اور تیسرے نمبر تھے جبکہ فائنل میں عمر اکمل کو 218 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔